المکان مال کمپلیکس میں پہلے سینما کا افتتاح کیا گیا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کی حفر الباطن کمشنری میں ترقیاتی امور کے نگران اعلی ماجد القرینی نے المکان مال کمپلیکس میں پہلے سینما کا افتتاح کیا ہے۔
تقریب میں سرکاری اداروں کے عہدیدار کثیر تعداد میں موجود تھے۔ سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق القرینی نے سینما گھر اور اس کے ہالز کا دورہ کیا۔ انہیں نئے سینما گھر سے متعلق تمام تفصیلات بتائی گئیں۔
’معیاری زندگی‘ پروگرام کے ترجمان مزروع بن صلاح نے بتایا کہ مملکت کے دیگر علاقوں کی طرح حفر الباطن میں بھی سینما گھر کھولا گیا ہے۔
مملکت کے بیشتر علاقوں میں سینماگھر کھولنے کی سکیمیں ہیں۔ اس سے قبل تبوک میں بھی سینما گھر کا افتتاح کیا جاچکا ہے۔
المزروع نے مزید کہا کہ لوگوں کو تفریح کا سامان مہیا کرنے کے لیے دیگر علاقوں میں بھی سینما گھر کھولے جائیں گے۔
معیاری زندگی پروگرام کا بنیادی مقصد زندگی کے معیار کو بلند کرنا اور مملکت کے تمام علاقوں میں سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو سیر وسیاحت اور تفریح کے متوازن مواقع فراہم کرنا ہے۔