بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے وزیراعلیٰ جام کمال سے اختلافات کی بنیاد پر وزارت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس بات کا اعلان انہوں نے بدھ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'اتحادی ہونے کے باوجود جام حکومت ہمیں مسلسل نظر انداز کررہی ہے، پی ٹی آئی کی مرکزی حکومت نے بھی ہمیں ان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔'
مزید پڑھیں
بلوچستان کی مخلوط حکومت میں شامل پی ٹی آئی کے رہنما کی وزیراعلیٰ جام کمال سے اختلافات پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں تاہم ان میں چند ماہ قبل اس وقت شدت آئی جب سردار یار محمد رند نے اسمبلی میں صوبائی و وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
بدھ کو سردار یاد محمد رند نے اسمبلی اجلاس سے خطاب میں ایک بار پھر جام حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ 'یہ ایوان گواہ رہے کہ جب بھی بلوچستان کی بربادی کی تاریخ لکھی جائے گی تو اس میں میں شامل نہیں ہوں گا۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ سردار یار محمد رند اگر کابینہ سے نکلنا چاہیں تو چلے جائیں ہم انہیں نہیں روکیں گے۔'
یار محمد رند نے کہا کہ 'میرے نزدیک اس کابینہ کی کوئی اوقات نہیں۔ میرا ضمیر مجھے اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ جام کمال کی کابینہ میں مزید شامل رہوں، اس لیے اسمبلی سے نکلتے ہی اپنا استعفیٰ گورنر کو ارسال کردوں گا۔'
