کولمبیا میں تتلیوں کی سب سے زیادہ اقسام پائی جاتی ہے: تحقیق
ایک نئی تحقیق کے مطابق دنیا میں تتلیوں کی سب سے زیادہ اقسام کولمبیا میں پائی جاتی ہے۔ یہ تتلیوں کی تمام اقسام کا تقریباً 20 فیصد ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو لندن کی نیچرل ہسٹری میوزیم کی جانب سے تتلیوں کی اقسام سے متعلق ایک تحقیق شائع ہوئی۔
سائنس دانوں کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے تین ہزار 642 اقسام اور دو ہزار 85 ذیلی اقسام کی ایک فہرست تیار کی اور ’چیک لسٹ آف کولمبین بٹرفلائز‘ کے نام سے ایک دستاویز میں ان کو رجسٹرڈ کیا۔
لندن میں نیچرل ہسٹری میوزیم کی ایک منتظم اور تحقیقاتی ٹیم کی رکن بلنکا ہورٹاز کا کہنا ہے تتلیوں کی دو سو سے زیادہ اقسام صرف کولمبیا میں پائی جاتی ہیں۔
میوزیم کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کے محققین نے کولمبیا کے مختلف حصوں کا سفر کیا، تین لاکھ 50 ہزار سے زیادہ تصویروں کا تجزیہ کیا اور 18ویں صدی کے آخر سے جمع کیے گئے معلومات کا مطالعہ کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کولمبیا حیاتیاتی تنوع کا قدرتی مسکن ہے۔
کولمبیا نصف صدی سے زیادہ مسلح تصادم سے گزرا ہے۔ اس کے کچھ علاقے پر بائیں بازو کے گوریلا، دائیں بازو کے پیراملٹری گروپس یا ڈرگ لارڈز کا کنٹرول تھا اور حکومت کی موجودگی بہت کم تھی۔
بلنکا ہورٹاز کا کہنا ہے کہ کولمبیا کو تتلیوں کی حفاظت سے اس کے جنگلات کا تحفظ ہوگا بلکہ ان جنگلی حیات کا بھی جو قابل توجہ نہیں۔
نیشنل ڈیپارٹمنٹ آف پلاننگ کے مطابق 2000 اور 2019 کے درمیان کولمبیا نے بیلجیئم کے رقبے برابر دو اعشاریہ آٹھ ملین ہیکٹر جنگلات کھوئے۔