سعودی عرب نے بیت المقدس میں اونروا کے 6 تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے اسرئیلی احکامات کی سخت مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین ’اونروا‘ کے زیر انتظام مشرقی بیت المقدس میں قائم 6 سکولوں کو اسرائیل کی جانب سے بند کرنا قابل مذمت ہے۔
مملکت نے اسرائیلی قابض حکام کی مسلسل مداخلت اور اونروا ایجنسی سمیت دیگر امدادی امور کو تسلسل سے نشانہ بنائے جانے اور اس بارے میں عالمی برادری کی خاموشی کو بھی مسترد کیا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام پر ہونے والے اسرائیلی مظالم اور خلاف ورزیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی جانب سے خاموشی بحران میں مزید اضافے کا باعث بن سکتی ہے جس سے خطے میں امن کے حصول کے امکانات کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔