لاہور دھماکہ، عثمان کاکڑ کا جنازہ، ویکسین کی کمی سمیت پاکستان سے گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
لاہور دھماکہ، عثمان کاکڑ کا جنازہ، ویکسین کی کمی سمیت پاکستان سے گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
ہفتہ 26 جون 2021 0:02
تجزیہ کاروں کے مطابق عثمان کاکڑ کا جنازہ کوئٹہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ تھا (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان میں گذشتہ ہفتے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں برقرار رہنے اور لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکے کی خبر اہم رہی۔ اس کے علاقہ سینیٹر عثمان کاکڑ کی تدفین اور پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں پہلی بار ملتان سلطانز کی کامیابی کی خبریں بھی اہم تھیں۔ اس کے علاوہ پاکستان میں کیا ہوتا رہا، گذشتہ ہفتے کےدوران پاکستان میں پیش آنے والے واقعات پر ایک نظر:
پاکستان کی سعودی عرب پر حوثیوں کے ڈرون حملوں کی سخت مذمت
پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ سے پیر کی صبح جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقے پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی سخت مذمت کی جاتی ہے۔
ایئر سفاری سروس بحال، پہلی پرواز اسلام آباد سے سکردو روانہ
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی ایئر سفاری سروس 14 سال بعد بحال ہو گئی ہے۔ سنیچر کو مقامی اور غیر ملکی سیاحوں پر مشتمل 91 مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے پہلی پرواز سکردو روانہ ہوئی۔
پاکستان کا فائزر ویکسین کی 1 کروڑ 30 لاکھ خوراکیں خریدنے کا معاہدہ
اکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے منگل کو بتایا کہ ’امریکی کمپنی فائزر کی ویکسین حاصل کرنے کی حتمی تاریخ کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے تاہم رواں سال کے آخر تک ویکسین کی خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔‘
ایسٹرازینیکا کی عدم دستیابی: بیرون ملک سفر کرنے والوں کا احتجاج
پاکستان کے مختلف علاقوں خصوصا صوبہ پنجاب میں ایسٹرازینیکا ویکسین دستیاب نہیں جس کے باعث اتوار کو ایکسپو سینٹر لاہور کے باہر ویکسین لگوانے والوں نے احتجاج کیا۔
خواتین کے لباس پر وزیرِاعظم کا بیان، صبح سے شام تک زیرِبحث
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا صحافی جوناتھن سوان کو چینل ایچ بی او پر انٹرویو کو دیے گئے میں خواتین کے لباس سے متعلق بیان سوشل میڈیا اور مین سٹریم میڈیا پر موضوع بحث بنا رہا۔
لاہور: جوہر ٹاؤن دھماکے میں تین ہلاک، ’حملے کا ہدف پولیس تھی‘
بدھ کے روز جوہر ٹاؤن لاہور میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی کی مدعیت میں درج کرایا گیا جس میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
عثمان کاکڑ سُپردِ خاک: ’پشتون خطے کا سب سے بڑا جنازہ‘
مسلم باغ کے جس قبرستان میں عثمان کاکڑ کو مٹی کے سپرد کیا گیا وہاں یہ پہلی اور واحد قبر تھی مگر جنازے میں لوگوں کا جم غفیر شریک تھا۔ نہ صرف بلوچستان بھر بلکہ ملک کے کونے کونے سے لوگ مسلم باغ پہنچے۔