Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویکسین کی دوسری خوراک: ’ پیغام نہ ملے تو صحتی ایپ کے ذریعے وقت لیں‘

کورونا ویکسین کے حوالے سے افواہوں پرتوجہ نہ دی جائے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کہا ہے کہ’ سعودی عرب میں کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے کے بعد کسی شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی‘۔ 
وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ’کورونا ویکسین کے حوالے سے افواہوں پرتوجہ دینے کے بجائے مصدقہ ذرائع سے رجوع کریں تاکہ حقیقت کو درست طور پرجان سکیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’عالمی ادارہ صحت نے سعودی عرب میں کورونا کی وبا کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کوسراہتے ہوئے بہترین انتظامات قرار دیا ہے جو ہمارے لیے باعث فخر ہے‘۔ 
ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کورونا سے بچاو کےلیے مقررہ ضوابط پرعمل کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ کورونا سے بچاو اور اس سے محفوظ رہنے کے لیےجہاں مقررہ ایس اوپیز پرعمل کرنا ضروری ہے وہاں ویکسینیشن بھی انتہائی اہم ہے۔ 
سیزنل ویکسینیشن کے حوالے سے ترجمان صحت کا کہنا تھا کہ ’کورونا ویکسین کسی بھی طرح موسمی ویکسین پراثرانداز نہیں ہوتی۔ اس کا مطلب ہے کہ جو افراد ا س سال حج کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ موسمی انفلووینزا ویکسین لگا سکتے ہیں جو حج پرجاتے وقت لگائی جاتی ہے‘۔ 
ویکسین کی دوسری خوارک کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ’ 50 یا اس سے زائد عمرکے افراد کےلیے ویکسین کی دوسری خوراک سینٹرز میں مہیا کردی گئی ہے۔

حاملہ خواتین بھی کورونا کی دوسری خوراک لے سکتی ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

اگر کسی کو سینٹرکی جانب سے پیغام نہیں ملا تو اسے چاہیے کہ وہ صحتی ایپ کے ذریعے ویکسین لگانے کا وقت حاصل کرلے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’حاملہ خواتین بھی کورونا کی دوسری خوراک لے سکتی ہیں۔ اس میں بھی کوئی مضائقہ نہیں کہ وہ پہلی ویکسین کے علاوہ دوسری کمپنی کی ویکسین لگائیں‘۔ 
وزارت صحت کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’اس وقت مملکت میں ایک کروڑ 72 لاکھ سے زائد کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے جبکہ مملکت میں 587 ویکسینیشن سینٹرز کام کررہے ہیں‘۔ 

شیئر: