دو مختلف ویکسینیوں کی خوراکیں لی جاسکتی ہیں: وزارت صحت
’ایک کروڑ 68 لاکھ 77 ہزار 881 خوراکیں سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو لگائی جا چکی ہیں‘ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’دو مختلف ویکسینیوں کی خوراکیں لی جاسکتی ہیں۔ تمام ویکسینیں موثر، فعال اور وائرس سے بچاؤ کے لیے ناگزیر ہیں‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’متعدی امراض کی سعودی قومی کمیٹی نے اس کی منظوری دی ہے کہ ویکسین کی پہلی اور دوسری خوراک دو مختلف ویکسینیوں سے لی جاسکتی ہے۔ بین الاقوامی جائزوں نے اس کی اجازت دی ہے‘۔
طبی ماہرین نے کہا ہے کہ ’ویکسین کی دونوں خوراکیں دو مختلف ویکسینوں سے لی جا سکتی ہیں اور اس میں کوئی مشکل نہیں ہے‘۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ’ کورونا ویکسین کی قومی مہم پروگرام کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے‘۔
’اب تک ایک کروڑ 68 لاکھ 77 ہزار 881 خوراکیں سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو 587 سے زیادہ ویکسینیشن سینٹرز میں دی جاچکی ہیں‘۔
العربیہ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ’ویکسین کے بارے میں متعدد افواہیں اور من گھڑت باتیں پھیلائی جارہی ہیں۔ اس سے ویکسین نہ لینے والوں کو نقصان ہوگا۔ افواہوں کی وجہ سے پورا معاشرہ ویکسین کے ذریعے وائرس سے تحفظ حاصل نہیں کرسکے گا‘۔
العبد العالی نے کہا کہ’ ویکسینز وائرس سے بچاتی ہیں۔ ویکسین لگوانے والے وائرس کے باعث موت سے سو فیصد تک محفوظ ہوجاتے ہیں‘۔
وزارت صحت کے ترجمان نے مزید کہا کہ’ ویکسین لگوانے کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ دنیا بھر میں وائرس سے متاثرین کا گراف اوپر نیچے جا رہا ہے تاہم وبا ابھی باقی ہے‘۔