ایک ہفتے میں کورونا ایس او پیز کی 17 ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں
سب سے زیادہ خلاف ورزیاں ریاض ریجن میں سامنے آئیں- (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مملکت کے مختلف شہروں میں کورونا ضوابط کے حوالے سے 17 ہزار 818 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سب سے زیادہ خلاف ورزیاں ریاض ریجن میں سامنے آئیں جن کی تعداد 5 ہزار 918 تھی ۔
دوسرے نمبر پرمشرقی ریجن رہا جہاں 2 ہزار 870 جبکہ مکہ مکرمہ ریجن میں 2 ہزار 186 کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔
وزارت داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ مدینہ منورہ ریجن میں ایک ہزار 505 افراد کے خلاف کورونا ضوابط پرعمل نہ کرنے کی خلاف ورزیاں درج کی گئی ہیں۔
الجوف ریجن میں ایس اوپیز پرعمل نہ کرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 10 جبکہ شمالی حدود میں یہ تعداد 770 رہی ہے۔
تبوک ریجن میں 684 ، حائل میں 652 ، الباحہ میں 310 ، عسیر میں 221 ، نجران میں 114 جبکہ سب سے کم خلاف ورزیاں جازان ریجن میں سامنے آئی ہیں جن کی تعداد صرف 106 تھی۔
وزارت داخلہ نے سعودی شہریوں اورمقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ کورونا کے حوالے سے مقررہ ضوابط پرسختی سے عمل کیا جائے تاکہ اس مہلک وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔
واضح رہے وزارت صحت نے کورونا سے بچاؤ کے لیے متعدد ضوابط جاری کیے ہیں جن میں سب سے اہم سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرنا جس کے تحت مارکیٹوں اور مالز میں مقررہ تعداد سے زائد افراد کے داخلے پرپابندی سمیت عوامی مقامات پرماسک کا استعمال ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں