عسیر میں رات کو بارش کا امکان، دیگر علاقوں میں شدید گرمی
عسیر میں رات کو بارش کا امکان، دیگر علاقوں میں شدید گرمی
جمعرات 1 جولائی 2021 0:03
بارش کا سلسلہ باحہ اور مکہ کے بالائی علاقوں تک پھیل سکتا ہے۔ ( فوٹو : سبق)
محکمہ موسمیات نے عسیر ریجن کے رہائشیوں کو آگاہ کیا ہے کہ علاقے میں آج رات 8 بجے تک بارش کا امکان ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’احد رفیدہ، الحرجہ، سراۃ عبیدہ اور ظہران الجنوب میں خاص طور پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی‘۔
’بارش کے ساتھ تیز ہواکا بھی امکان ہے۔ غیر یقینی موسم کے باعث رہائشیوں کو پر خطر مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے‘۔
دوسری طرف ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ’آج جمعرات کو ملک کے بیشتر علاقوں میں دن میں شدید گرمی ہوگی جبکہ فجر کے وقت موسم اعتدال پر مائل رہے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’عسیر ریجن کے علاوہ مکہ مکرمہ اور جازان کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے‘۔
دوسری طرف سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے جمعرات کو مملکت بھر میں موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے پیشگوئی جاری کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ جمعرات مشرقی ریجن میں شدید گرمی کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں مدینہ منورہ، ریاض، قصیم اور حدود شمالیہ کے متعدد مقامات بھی شدید گرمی کی زد میں ہوں گے‘۔
قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ ’عسیر ریجن کے بالائی مقامات پر تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ اس کا سلسلہ باحہ اور مکہ مکرمہ کے بالائی علاقوں تک پھیل سکتا ہے‘۔
قومی مرکز کے مطابق’ سب سے زیادہ درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ دمام اور سب سے کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ السودۃ میں ہوگا‘۔
علاوۃ ازیں الزعاق فلکیاتی مطالعات کے مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد الزعاق نے کہا ہے کہ ’گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خلیجی ممالک دنیا کے گرم ترین ممالک کے طور پر ریکارڈ پر آئے ہیں‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الزعاق نے کہا کہ ’گرم ممالک میں کویت کا نمبر سرفہرست رہا جہاں الجھرا میں گزشتہ روز درجہ حرارت 51.2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا‘۔
سعودی شہر القیصومہ میں درجہ حرارت 50.4 سینٹی گریڈ جبکہ عراقی شہر بصرہ کا درجہ حرارت 50.2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔