موسم کی صورتحال: بدھ کو کہیں بارش اور کئی علاقے گرمی کی زد میں
بیشتر علاقوں میں آئندہ ایام کے دوران شدید گرمی پڑے گی(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے بدھ 30 جون کو مملکت بھر میں موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے پیشگوئی جاری کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ بدھ کو جازان، نجران اور عسیر کے بالائی مقامات پر تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
باحہ اور مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے اس کا سلسلہ مدینہ منورہ کے بالائی مقامات تک پھیل سکتا ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ بدھ کو بھی مشرقی ریجن میں شدید گرمی ہوگی جبکہ ریاض اور حدود شمالیہ ریجنوں میں متعدد مقامات بھی سخت گرمی کی زد میں ہوں گے۔
قومی مرکز نے کہا ہے کہ بدھ کو مدینہ منورہ، حفر الباطن اور رفحا میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ سب سے کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ السودۃ میں متوقع ہے-
دوسری جانب طقس العرب کے مطابق مملکت کے بیشتر علاقوں میں آئندہ ایام کے دوران شدید گرمی پڑے گی۔ریاض سمیت کئی علاقوں میں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق طقس العرب کا کہنا ہے کہ مملکت کے جنوب مغربی پہاڑوں کا موسم معتدل رہے گا جبکہ مملکت کے مغربی اور جنوب مغربی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔
جمعرات کو درجہ حرارت پچاس سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا اور ہفتے کے آخر تک شدید درجہ حرارت مملکت کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔