مکمل ویکسین لگوانے والے مسافروں کو یورپی یونین قبول کرے، برطانیہ
مکمل ویکسین لگوانے والے مسافروں کو یورپی یونین قبول کرے، برطانیہ
جمعرات 1 جولائی 2021 21:51
جرمنی کا مطالبہ ہے کہ برطانیہ سے یورپی ممالک آنے والے تمام مسافروں کے لیے قرنطینہ لازمی قرار دیا جائے۔ فوٹو روئٹرز
برطانیہ سفری پابندیوں سے متعلق یورپی یونین کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ برطانیہ سے آنے والے ان مسافروں کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے جو کورونا ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوا چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ رواں ماہ سفری شرائط سے متعلق مکمل تفصیلات جاری کی جائیں گی تاکہ مکمل طور پر ویکسین لگوانے والے افراد کو ملک واپسی پر قرنطینہ میں نہ رہنا پڑے، بالخصوص فرانس اور سپین سے آنے والے افراد کو۔
یاد رہے کہ مئی اور جون میں برطانیہ نے صرف چند ممالک کے سفر سے واپسی پر قرنطینہ میں رہنے کی شرط ختم کر دی تھی۔
سفری پابندیوں سے متعلق نئے قواعد 26 جولائی تک لاگو ہوں گے جب سکول میں گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز ہو جائے گا۔
کورونا وائرس کی نئی قسم ’ڈیلٹا‘ کے باعث برطانیہ میں ایک مرتبہ پھر کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد اٹلی، پرتگال اور سپین نے ملک میں داخلے کے لیے سخت شرائط عائد کر دی ہیں۔
برطانوی نائب سیکریٹری برائے کاروبار، توانائی و صنعت کواسی کوارتینگ نے کہا ہے کہ سفر بحال کرنے کے لیے یورپی یونین کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔
’ہمارے خیال میں ویکسین کی دو خوراکیں وائرس کی قسم کے خلاف مؤثر تحظ فراہم کرتی ہیں اور تمام شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں، ہمیں یورپی یونین کے رکن ممالک کی حکومتوں اور دیگر ممالک سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔‘
برطانیہ اور برسلز کے درمیان جلد معاہدہ ہونے کی توقع ہے جس کے تحت یورپی یونین کو نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کی ایپ کے ذریعے ویکسین کی مکمل خوراکیں لینے کا ثبوت فراہم کیا جا سکے گا۔ اس کے بدلے میں برطانیہ یورپی یونین کی جانب سے سفر کے لیے متعارف کیا گیا نیا ڈیجیٹل گرین کارڈ قبول کرے گا۔
ان اقدامات کے باعث سفر کے دوران آنے والی مشکلات سے نمٹا جا سکتا ہے۔ حالیہ دنوں میں یورپی ملک مالٹا نے این ایچ ایس کی ایپ کے ذریعے ویکسین لگوانے کا ثبوت قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
برطانوی وزیراعظم بارس جانسن کی جرمن چانسلر اینگلا مرکل کے ساتھ ملاقات جمعے کو متوقع ہے جب سفری پابندیوں سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہو گی۔
اینگلا مرکل نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ برطانیہ سے آنے والے تمام مسافروں پر قرنطیہ کی شرط لازم قرار دینی چاہیے، تاہم سپین نے یہ مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔