Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیئرمین سینیٹ سے سعودی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی بڑی تعداد میں سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ( فوٹو: سینیٹ سیکرٹریٹ)
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچپسی کے امور اور خاص طور پر خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صادق سنجرانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور محبت کے لازوال رشتے سے جڑے ہیں۔
’دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد مابین مذہبی، تاریخی، ثقافتی اور سماجی مماثلتوں پر ہے۔ ہم مسلم اُمہ کے قائد کی حیثیت سے سعودی مملکت کے کردار کو سراہتے ہیں۔‘
صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھا کہ عوام اور حکومت پاکستان کے دل میں خادم الحرمین شریفین اور سعودی قیادت کے لیے بے پناہ احترام ہے۔
 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو  درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔
’ سعودی قیادت کی سرپرستی میں شروع کردہ خلیجی ریاستوں کے مابین تعلقات کی بحالی علاقائی امن کے لیے سعودی کاوشوں کا ثبوت ہے۔‘
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہر اہم فورم پر ایک دوسرے کے موقف کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے وسیع گنجائش موجود ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی بڑی تعداد میں سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے سعودی قیادت کا کردار قابل تحسین ہے۔‘
بیان کے مطابق سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ایوان بالاء اور سعودی شوریٰ کونسل کے مابین ادارہ جاتی تعاون پر مزید پیش رفت ہونی چاہیے۔‘
 

شیئر: