یہاں مونگوں کی بستی اور سفید چمکیلی ریت بھی ہے- (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں ایک ایسا خوبصورت جزیرہ ہے جہاں مونگوں کی بستی بھی ہے۔ سفید چمکیلی ریت سے آراستہ ایسا ساحل بھی ہے جو اب تک نظروں سے دور رہا ہے۔ یہ ماہی گیری، تیراکی اور غوطہ خوری کے لیے موزوں ترین جزیرہ ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ’مارکا‘ جزیرہ عسیر ریجن کے ساحل پر واقع ہے۔ سعودی عرب کے جنوب مغرب کی البرک کمشنری کا ایک جزیرہ ہے۔ یہ انواع و اقسام کے پودوں اور مونگوں کے لیے مشہور ہے۔
ٹورسٹ گائیڈ عبداللہ الشہرانی کا کہنا ہے کہ البرک کے ساحل کئی جزیروں سے آباد ہیں۔ ان میں سب سے مشہور اور خوبصورت جزیرہ مارکا ہے۔ اس کی انفرادیت یہ ہے کہ اس کے اندر ایک چھوٹی سی خوبصورت جھیل بھی ہے۔
اس جزیرے کے اطراف چٹانوں کے آٹھ جزیرے واقع ہیں۔ یہاں بعض چٹانیں ایسی ہیں جنہیں دیکھ کر گمان ہوتا ہے کہ کسی سنگ تراش نے انہیں خوبصورت رنگ و روپ دیا ہوگا۔ حالانکہ سچائی یہ ہے کہ ان کی تراش خراش کا سہرا سمندری لہروں کے سر جاتا ہے۔ موسم گرما میں جزیرے کی آب وہوا گرم ہوتی ہے اور موسم سرما میں یہاں کا موسم معتدل رہتا ہے۔
ٹورسٹ گائیڈ نے بتایا کہ جزیرہ مارکا ساحل سے 20 کلومیٹر دور ہے- بوٹ سے 30 منٹ میں سفر طے ہو جاتا ہے۔ جزیرے کا نظارہ کریں گے تو آپ کو خوبصورت اور ملائم ریت والے ساحل نظر آئیں گے۔ اطراف میں چھوٹے چھوٹے جزیرے واقع ہیں جہاں انواع و اقسام کے پودوں کا منظر دل کو بھاتا ہے۔
جزیرہ مارکا جاتے ہوئے سیاح اپنے کئی شوق پورے کر سکتے ہیں۔ مثلا قدرتی مقامات کی فوٹو گرافی، مونگوں کی بستیوں کا نظارہ کرنے کے لیےغوطہ زنی، پرکشش ساحلوں پر پرسکون وقت گزارنا۔ یہاں متعدد سمندری پرندے بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔
یاد رہے کہ جزیرہ مارکا البرک کمشنری کے ماتحت ہے۔ اسے الغماد بھی کہا جاتا ہے یہ عسیر ریجن کی ایک کمشنری ہے۔ یہ سعودی عرب کے جنوب مغرب میں مغربی ساحل روڈ پر واقع ہے۔ بحیرہ احمر کے ساحل پر تہامہ کے علاقے میں بھی آتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں