ریاض کے عالمی کتب میلے میں تمام پبلشنگ ہاوسز مدعو
اس سال کتب میلے کی گنجائش دگنا کرنے کا ارادہ ہے(فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبد اللہ بن فرحان نے اکتوبر 2021 میں ہونے والے ریاض کے بین الاقوامی کتب میلے میں شرکت کے لیے تمام پبلشنگ ہاؤسز کو مدعو کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر ثقافت نے ٹویٹر پر کہا کہ ’میں تمام مقامی،عرب اور بین الاقوامی پبلشنگ ہاؤسز سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ریاض بین الاقوامی کتب میلے میں شرکت کریں جس کی گنجائش دگنی ہو گی۔‘
وزارت ثقافت کے ایک کمیشن، لٹریچر پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کے زیراہتمام اس سال کا کتاب میلہ منعقد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال کے کتب میلے کو کوویڈ- 19 کے خلاف مملکت کی جانب سے منعقدہ احتیاطی اقدامات کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔
کمیشن کا اس سال کے کتب میلے کی گنجائش دگنا کرنے کا ارادہ ہے تاکہ بہترین مقامی، عرب اور بین الاقوامی پبلشنگ ہاؤس کو راغب کیا جا سکے اور عوام کو ایک اعلی سطح کے معیار کے مطابق مواد فراہم کیا جائے جو قارئین اور زائرین کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ ریاض بین الاقوامی کتب میلہ بین الاقوامی کتب کے بڑے واقعات میں شامل ہے۔
ریاض بین الاقوامی کتب میلے میں پہلی بار پبلشروں کے لیے بین الاقوامی کانفرنس ہو گی جس میں مقامی، عرب اور بین الاقوامی پبلشنگ ہاؤس کے مابین مواصلات کو مستحکم کیا جا سکے، متعلقہ اداروں اور کمپنیوں کے مابین شراکت کو متحرک کیا جا سکے اور مباحثے کے سیشنوں، انٹرایکٹو سرگرمیوں، ورکشاپس سیمینار کے ذریعے اور علاقائی منظر کو مستحکم بنایا جا سکے۔