گوگل نے میٹنگز میں شرکت کے لیے نیا فیچر متعارف کروا دیا
گوگل نے میٹنگز میں شرکت کے لیے نیا فیچر متعارف کروا دیا
اتوار 11 جولائی 2021 7:46
گوگل کے مطابق نیا فیچر میٹنگز میں شرکت کو بہتر بنائے گا (فائل فوٹو: پکسابے)
گوگل نے آر ایس وی پی کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جس سے ورک سپیس (Workspace) صارفین کو کسی میٹنگ میں شامل ہونے کا منصوبہ بنانے کی اجازت ملتی ہے، خواہ اس کی نوعیت ذاتی ہو یا کوئی ذمہ داری ہو۔
آر ایس وی پی کے نام سے نیا فیچر ورک سپیس صارفین کو یہ سہولت دے گا کہ وہ ورچوئلی یا خود موجود رہ کر میٹنگز میں شریک ہو سکیں۔
الرجل میگزین کے مطابق ایکس ڈی اے-ڈویلپرز نامی ویب سائٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوگل نے اپنی ’اپوائنٹمنٹ سروس‘ گوگل کیلنڈر میں نیا فیچر متعارف کرایا ہے جسے ’آر ایس وی پی‘ کہا جا رہا ہے۔
آر ایس وی پی کے نئے آپشنز کے ساتھ دونوں میزبان اور شرکا دیکھ سکیں گے کہ مدعو کیے گئے افراد میٹنگ سے متعلق کیا منصوبہ رکھتے ہیں۔
گوگل آر ایس وی پی کیا ہے؟
ابتدا میں آر ایس وی پی کے نئے آپشنز گوگل کلینڈر کے لیے دستیاب ہوں گے تاہم جلد جی میل میں کیلنڈر انویٹیشن کے لیے بھی مہیا کر دیے جائیں گے۔
انوائیٹ کا جواب دینے کے لیے صارف گوگل کیلنڈر ایپلیکیشن کھول کر اس ایونٹ تک رسائی حاصل کرے گا جس کا اسے دعوت نامہ ملا ہو گا۔
اس کے آخر میں ’کیا آپ شریک ہو رہے ہیں؟‘ کے بعد جواب دینے کا آپشن ہو گا، جہاں ’ہاں‘ کا انتخاب کرنے پر صارف کو مزید آپشن ملیں گے کہ وہ میٹنگ روم میں نشست کا حصہ بنیں گے یا ورچوئلی اس میں شریک ہوں گے۔
اگر صارف میٹنگ روم کا آپشن منتخب کرے گا تو اس کے نام کے بعد دروازے کا ایک نشان ظاہر ہوگا جو انوائیٹ میں بھی دکھائی دے گا۔ اسی طرح اگر کوئی ورچوئلی شرکت کے لیے ’جوائن بائی ڈیفالٹ‘ کا آپشن منتخب کرتا ہے تو اس کے نام کے آگے ویڈیو کیمرے کا نشان دکھائی دے گا۔۔
آر ایس وی پی کا فیچر ’ایکسپریس ریلیز ڈومینز‘ کے لیے بتدریج متعارف کرایا جائے گا جب کہ ’شیڈولڈ ریلیز ڈومینز‘ کے لیے یہ فیچر 22 جولائی سے میسر ہو گا۔
گوگل کا آر ایس وی پی فیچر گوگل ورک سپیس کے تمام صارفین سمیت ’جی سوٹ بیسک‘ اور ’جی سوٹ بزنس‘ کے لیے بھی میسر ہو گا۔
کمپنی کو توقع ہے کہ نیا فیچر میٹنگز کا انتظام کرنے والوں کو موقع دے گا کہ وہ یہ بات جان سکیں کہ شرکا کس طریقے سے شریک ہو رہے ہیں۔