گوگل کون سے نئے فیچر پیش کر رہا ہے؟
امریکی کمپنی گوگل نے رازداری اور حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے ایک نئے فیچر کا انکشاف کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد بہت سے کاموں میں گوگل سرچ انجن پر انحصار کرتے ہیں، جس کی وجہ سے امریکی کمپنی اپنے صارفین کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے اپنے سرچ انجن کو بہتر کرنے کی کوشش کرتی رہتی ہے، تاکہ گوگل کا استعمال کرنے والے صارفین کی ادارے کے ساتھ وابستگی کو برقرار رکھا جائے۔
سیدتی میگزین میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل مستقبل قریب میں کئی ایسے نئے فیچر متعارف کروا رہا ہے جو اس کے صارفین کی خواہشات و مطالبات کو پورا کریں گے۔ اس کے لیے ایک خود کار نظام بھی تیار کیا جا رہا ہے جو انسانی مزاج کے قریب اور مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر کام کرے گا۔
امریکی کمپنی ایک اور فیچر بھی متعارف کروانا چاہتی ہے، جو نقشہ جات کا ایک سیٹ ہوگا۔
ان کے ذریعے گاڑیوں کے ڈرائیور مناسب راہ تلاش کر سکیں گے اور بھیڑ اور رش سے بچ سکیں گے۔ یہ پوری دنیا میں سالانہ حادثات میں ہلاک ہوجانے والے افراد کی تعداد میں کمی کرے گا۔
گوگل جو دنیا کا سب سے مشہور سرچ انجن ہے، اپنے صارفین کو انتہائی درست اور قابل اعتماد معلومات فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس لیے وہ اس وقت اپنے صارفین کے لیے درست اور قابل اعتماد معلومات تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے ایک نیا فیچر شروع کرنے پر کام کر رہا ہے۔
امریکی کمپنی گوگل نے ایک اہم نئے فیچر کا انکشاف کیا ہے جس کا مقصد اپنے صارفین کی رازداری اور حفاظت کو برقرار رکھنا ہے، تاکہ وہ پاس ورڈ کو تبدیل کر کے اسے مزید مستحکم بنا سکیں اور ان کا ڈیٹا چوری نہ ہو اور وہ سائبر ہیکنگ سے محفوظ رہیں۔