انڈیا: آسمانی بجلی سے 50 ہلاکتیں، جے پور میں سلیفی لینے والے بھی شکار
انڈیا: آسمانی بجلی سے 50 ہلاکتیں، جے پور میں سلیفی لینے والے بھی شکار
پیر 12 جولائی 2021 14:56
حکام کا کہنا ہے کہ 42 افراد اترپردیش ریاست کے مختلف اضلاع میں ہلاک ہوئے (فوٹو اے ایف پی)
انڈیا میں حکام کے مطابق مختلف ریاستوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 50 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں 11 ہلاکتیں جے پور کے تاریخی قلعے میں ہوئی ہیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مون سون کے آغاز میں ہر سال انڈیا میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو راجھستان میں آسمانی بجلی گرنے سے تقریباً 11 افراد مارے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 42 افراد اترپردیش ریاست کے مختلف اضلاع میں ہلاک ہوئے۔
جے پور میں تاریخی قلعے امر فورٹ کے دو واچ ٹاورز پر بجلی گری جو شہر میں طوفان کا نظارہ کرنے والے شہریوں سے بھرے ہوئے تھے۔ امر قلعے کے مینار پر لوگ تیز بارش کے دوران سیلفیاں لے رہے تھے جب ان پر آسمانی بجلی گری۔
جے پور پولیس کے سینیئر افسر سورب تیواری نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’لوگ قلعے کے اندر تھے اور پہلے ہی سے بارش ہو رہی تھی۔ جب بارش بہت تیز ہوئی تو واچ ٹاورز پر چلے گئے۔‘
پولیس کے مطابق اس قلعے میں 11 افراد ہلاک ہوئے اور دیگر 17 زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔
سورب تیواری کے مطابق جب بجلی گری تو دو ٹاورز پر 30 لوگ تھے۔ ’زخمیوں میں کچھ لوگ بجلی کا جھٹکا لگنے سے بے ہوش ہو گئے تھے۔ کچھ افراتفری میں (ٹاور سے) باہر بھاگے۔‘
امدادی اداروں نے پیر کو ٹاورز کے نیچے گہری کھائی کا جائزہ لیا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کہیں کوئی شخص نیچے تو نہیں گر گیا۔
پیر کو انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرنے والے افراد کے گھر والوں کو معاوضہ دیا جائے گا۔