Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بولرز نے بابر اعظم کی محنت پر پانی پھیر دیا، انگلینڈ پھر فاتح

پاکستانی بیٹنگ کی خاص بات کپتان بابر اعظم کی سنچری تھی، وہ 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے (فائل فوٹو: بابر اعظم ٹوئٹر)
انگلینڈ نے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی۔
انگلینڈ نے 332 رنز کا بڑا ہدف 48 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ انگلش بلے بازوں کے سامنے پاکستانی بولرز بے بس دکھائی دیے۔ 
جیمز ونس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 95 گیندوں پر 102 رنز بنائے۔ حارث رؤف کی بال پر کپتان بابر اعظم نے ان کا کیچ لیا۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے شامل تھے۔
لیوس گریگوری نے 77 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ زیک کرولی نے 39، فل سالٹ نے 37 جبکہ کپتان بین سٹوکس نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 9 اوورز میں 65 رنز دے کر چار انگلش بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
شاداب خان نے 10 اوورز میں 61 رنز کے عوض دو جبکہ حسن علی نے 9 اوورز میں 69 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
شاہین شاہ آفریدی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، انہوں نے 10 اوورز میں 78 رنز دیے تاہم کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
اس سے قبل منگل کو ایجبسٹن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنائے۔
پاکستان نے پہلے دو میچز کی بہ نسبت تیسرے میچ میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور مہمان انگلینڈ کو جیت کے لیے 332 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
پاکستانی بیٹنگ کی خاص بات کپتان بابر اعظم کی سنچری تھی، وہ 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جو کسی بھی پاکستانی کپتان کی ایک روزہ میچ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز تھی۔
 

انگلینڈ کی جانب سے برائیڈن کیرس نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

وہ کیرس کی بال پر ملان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 14 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
نائب کپتان محمد رضوان نے بھی کپتان بابر اعظم کا خوب ساتھ دیا اور 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ کیرس کی گیند پر سمپسن نے ان کا کیچ لیا۔
امام الحق نے قدرے سست روی سے بیٹنگ کرتے ہوئے 73 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے برائیڈن کیرس نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ثاقب محمود نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ میٹ پارکنسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کے جیمز ونس کو مین آف دی میچ جبکہ ثاقب محمود کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی20 سیریز کا پہلا میچ 16 جولائی، دوسرا 18 اور تیسرا 20 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

شیئر: