Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کنگز کی دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کے خلاف کامیابی

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 61 گیندوں پر سینچری سکور کی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے میچ میں کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو چار وکٹوں سے ہرا دیا۔
سنیچر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے 235 رنز کا بڑا ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرلیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے جیمز وِنس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔ انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
جیمز وِنس 43 بالز پر 101 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 14 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
خوش دل شاہ نے بھی جیمز وِنس کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بیٹرز نے ملتان سلطانز کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور 142 رنز کی بڑی شراکت قائم کی۔
خوش دل شاہ نے 34 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی، وہ چار چھکے اور پانچ چوکے لگانے کے بعد عاکف جاوید کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 
ملتان سلطانز کی جانب سے عاکف جاوید نے تین جبکہ مائیکل بریسویل اور اسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 235 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے صرف 61 گیندوں پر سینچری سکور کر کے مخالف ٹیم کے لیے خطری کی گھنٹی بجا دی۔
انہوں نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے 63 بالز پر 105 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
مائیکل بریسویل نے 44 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ کامران غلام نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی، عباس آفریدی اور خوش دل شاہ نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

 

شیئر: