سعودی شہری نے سنگ مرمر پر پورا قرآن پاک تحریر کرلیا
سعودی شہری نے سنگ مرمر پر پورا قرآن پاک تحریر کرلیا
جمعرات 15 جولائی 2021 5:17
العنزی اپنے کام کو گنیز بک میں درج کرانے کے لیے کوشاں ہے- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں تبوک کے رہائشی حسان العنزی نے قرآن کریم سے اپنی عقیدت کا اظہار ایک سنگ تراش کی حیثیت سے مختلف انداز سے کیا ہے۔ سنگ مرمر کی 30 سلوں پر قرآن پاک کے تیس پارے عثمانی رسم الخط میں تحریر کیے۔ یہ کام آٹھ برس میں مکمل ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق حسان العنزی نے بتایا کہ وہ اپنا یہ کام سعودی عرب کے نام سے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرانے کے لیے کوشاں ہیں۔
سعودی سنگ تراش کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں سنگ تراشی کا ہنر بڑا پرانا ہے۔ مملکت نے اس کے احیا کے لیے قدیم ورثے کا محافظ ادارہ قائم کیا ہے جو سنگ تراشی کے ہنر کو سعودی عرب کے ناقابل فراموش آرٹ کے طور پر تسلیم کیے ہوئے ہے۔
حسان العنزی نے بتایا کہ 20 برس قبل عربی رسم الخط میں سنگ تراشی کا شوق پیدا ہوا تھا۔ کوشش ہوتی ہے کہ سنگ تراشی کے خوبصورت ترین فن پارے دنیا کے سامنے لاوں۔ مختلف ادوار میں معروف عربی رسم الخط میں ’بسم اللہ‘ پتھر تراش کر تحریر کیا ہے۔
العنزی کا کہنا ہے کہ وہ گرینائٹ پتھروں اور تبوک کے سخت ٹیڑھے میڑھے پتھروں پر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
اب تک سعودی عرب کی سطح پر بہت سارے میلوں، قومی تقریبات اور پروگراموں میں سنگ تراشی کے اپنے فن پاروں کا مظاہرہ کیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں