اتوار 25 جولائی سے یومیہ 20 ہزار عمرہ اجازت نامے جاری ہوں گے
ہفتہ 17 جولائی 2021 21:01
عمرہ زائرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیاجائے گا۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ ’15 ذوالحجہ اتوار 25 جولائی سے عمرہ کھولا جائے گا تاہم ابتدائی طور پر یومیہ کی بنیاد پر 20 ہزار عمرہ زائرین کو اجازت نامے جاری کیے جائیں گے‘۔
العربیہ ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر مشاط نے مزید کہا کہ ’عمرہ زائرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیاجائے گا‘۔
’اس دوران اندرون مملکت اور بیرون ملک کے صحت امور کے حوالے سے نگرانی کا عمل جاری رہے گا‘۔
عمرہ سیزن کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نائب وزیر کا کہنا تھا کہ’ ابتدائی طورپراندرون ملک سے عمرہ زائرین کا آغاز کیا جائے گا بعدازاں مرحلہ وار انکی تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا یہاں تک کہ حج سے قبل جو یومیہ عمرہ زائرین کی تعداد تھی اس تک پہنچ جائے‘۔
ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط کا مزید کہنا تھا کہ ’متعلقہ ادارے مقامی اور بیرون مملکت کورونا کی صورتحال پرمسلسل نظررکھے ہوئے ہیں جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی مرتب کی جاتی ہے‘۔