Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 حج موسم تمام وبائی امراض و مسائل سے پاک رہا، وزارت حج، صحت و سیکیورٹی

حج کو کامیاب بنانے میں تمام اداروں کا برابر ہاتھ ہے- (فوٹو الاخباریہ)
سعودی سکیورٹی، حج اور صحت کے اعلی عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ حج 2021 کامیاب رہا اور حاجیوں کو دوران حج کسی بھی کوئی سنگین مسئلہ ریکارڈ پر نہیں آیا-
منی میں جمعرات کو حج خدمات فراہم کرنے والی مختلف وزارتوں اور اداروں  نے بیان میں بتایا ہے کہ دوران حج کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھا گیا جس کے باعث حج کے تمام ارکان منظم شکل میں انجام پاسکے-
زیادہ تر حجاج کرام جمعرات کو ہی الوداعی طواف کے بعد مکہ مکرمہ سے روانہ  ہوگئے-

حج کے تمام منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ گئے- (فوٹو حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی)

عرب نیوز کے مطابق سکیورٹی، حج اور محکمہ صحت کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تمام منصوبے کامیابی سے مکمل ہوگئے اور دوران حج صحت کے کوئی سنگین مسائل سامنے نہیں آئے اور حج کے  حوالے سے تمام منصوبے احسن شکل میں پایہ تکمیل کو پہنچ گئے-
الوداعی طواف سے قبل حجاج نے منیٰ میں تینوں جمرات کو کنکریاں ماریں اس موقع پر سیکیورٹی اور صحت حکام نے فضائی اور زمینی نگرانی کی- اس موقع پر حجاج کرام نے نہایت پرسکون انداز میں تینوں جمرات کی رمی کی-
وزارت حج و عمرہ نے اپنے ٹویٹر پر کہا ہے کہ معائنے کے دوران اور دوروں پر معلوم ہوا کہ کچھ حج کمپنیوں نے غیرمعیاری کھانے فراہم کیے جس کی تفتیش کی جارہی ہے-
وزارت حج و عمرہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی اور مکہ بلدیہ کے تعاون سے تحقیقات کے بعد ان کمپنیوں پر جرمانے عائد کرے گی-
دوسری جانب سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ ’حج موسم کورونا اور دیگر وبائی امراض سے پاک رہا‘-
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق جمعرات کو وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’اس سال حج موسم 2021 کامیاب ثابت ہوا- کورونا اور اسی قسم کے دیگر وبائی امراض سے پاک و صاف رہا‘-
الربیعہ نے اپنے بیان میں ’خادم حرمین شریفین شاہ  سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا کہ سعودی قیادت کی حجاج کی خدمت کے حوالے سے بھرپور لگن اور محبت کی  بدولت ہی حج پر صحت خدمات معیاری شکل  میں فراہم کی جاسکیں‘-
الربیعہ نے سعودی ہلال احمر کی بھی ستائش کی کہ ’جس نے حج خدمات میں اپنی تمام کوششیں بروئے کار لاتے ہوئے حجاج کو ایمبولینس اور دیگر میڈیکل و تکنیکی سہولیات فراہم کیں-
الربیعہ نے صحت عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بدولت حج موسم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا‘-
الربیعہ نے کہا کہ ’اس حوالے سے تمام لوگ قابل تحسین ہیں جنہوں حج کے موقع پرقابل قدر خدمات انجام دیں‘- انہوں نے دعا کی کہ ’اللہ تعالی تمام حاجیوں کا حج قبول فرمائے اور انہیں محفوظ و مامون طور پر ان کے اہل خانہ سے ملوائے‘-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: