کورونا کے ایک ہزار 252 نئے مریض، صحت یاب ہونے والے پانچ لاکھ سے زیادہ
کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 10 ہزار 788 ہو گئی ہے(فائل فوٹو روئٹرز)
سعودی عرب میں پیر 26 جولائی کو کورونا کے ایک ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کورونا کے مجموعی متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
پیر کو سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 252 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک ہزار 299 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 12 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 8 ہزار 179 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 10 ہزار 788 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 424 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض مکہ ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 316 ہے جبکہ ریاض ریجن میں 265 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔‘
الشرقیہ ریجن میں 169، عسیر ریجن میں 145، جازان ریجن میں 69، القصیم ریجن میں 81، مدینہ ریجن میں 62، حائل ریجن میں 61، نجران ریجن میں 43، تبوک ریجن میں 12، الباحہ ریجن میں 20، الحدود الشمالیہ میں 6 اور الجوف ریجن میں 3 مریض سامنے آ ئے ہیں۔
اب تک پانچ لاکھ 19 ہزار 395 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے پانچ لاکھ 428 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘