Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان، سعودی عرب تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے نئی راہیں تلاش کی جائیں گی‘

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے پر زور دیا ہے۔
منگل کو پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران مئی 2021 میں اپنے سعودی عرب دورے کا بھی ذکر کیا۔ دورے کے موقع پر کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں وزیراعظم نے مختلف پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا کہ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید بہتر کرنے لیے نئی راہیں تلاش کی جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی جہت کو بڑھانے اور تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبے میں ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔
وزیراعظم عمران خان نے سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی فعالیت کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے لیے سٹریٹیجک سمت کے تعین کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

اس ملاقات میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔ (فوٹو: سعودی وزارت خارجہ)

وزیراعظم نے سعودی عرب کی خوشحالی اور ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کو سراہا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کے درمیان مضبوط رابطوں سے دو طرفہ  تعلقات کو ٹھوس بنیادیں فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین فراہمی پر بھی شکریہ ادا کیا۔ 
ملاقات میں وزیراعظم خان اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے جنوبی ایشیا میں کورونا کی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔
اس موقعے پر افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں تمام فریقین کو سیاسی حل کے لیے بامقصد بات چیت کرنی چاہیے۔
سعودی وزیر خارجہ نے صدر عارف علوی سے بھی اپنے وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں ملاقات کی۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے سعودی وفد کے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا حامل ہے۔ یہ تعلقات اخوت و بھائی چارے پر مبنی ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے سٹریٹیجک ہدایات کی روشنی میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی اور باہمی تعاون کے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔
سعودی عرب اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کونٹیکٹ گروپ برائے جموں اینڈ کشمیر کا رکن ہے اور کشمیر کاز کا حامی بھی ہے۔

سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات ہوئی۔ (فوٹو: پاکستانی وزارت خارجہ)

اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فرحان بن فیصل السعود نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی۔
منگل کی دوپہر اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا تھا کہ ’مذاکرات میں یمن، افغانستان، کشمیر اور فلسطین جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔‘
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ ’پاکستانی ہم منصب سے علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تمام امور پر مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ خواہ جموں و کشمیر کا مسئلہ ہو، یا فلسطین کا ہم نے اپنے موقف کو کوارڈنیٹ کیا ہے۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کے دوران سعودی معیشت کے لیے پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی ہم منصب سے انہوں نے اس پر بھی بات کی ہے کہ کس طرح ہم کمیونٹی کو دستیاب مواقع کو وسعت دیں سکیں۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد منگل کی رات اسلام آباد کے نور خان ایئربیس سے واپس روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے معزز مہمان کو رخصت کیا۔
 

شیئر: