مشرقی ریجن میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر دس دکانیں سیل
ہفتہ 31 جولائی 2021 18:46
تفتیشی ٹیموں نے مختلف مارکیٹوں کے 2 ہزار 757 تفتیشی دورے کیے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مشرقی ریجن میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے گزشتہ دوروز میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پردس دکانوں کو سیل کیا ہے جبکہ 133 دیگر خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مشرقی ریجن کی بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران مختلف مارکیٹوں کے 2 ہزار 757 تفتیشی دورے کیے جن میں اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں اور ہوٹلوں کے علاوہ دیگر دکانیں شامل تھیں۔
بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے دوروں کے دوران کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے 133 خلاف ورزیاں بھی ریکارڈ کی ہیں جن میں سماجی فاصلے کی خلاف ورزی اور توکلنا ایپ نہ دکھانا شامل تھا۔
ریجنل بلدیہ کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ مقررہ ضوابط پرعمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کاررائیاں جاری رہیں گی۔
ایس اوپیز کا مقصد لوگوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنا ہے تاکہ اس مرض پرجلد از جلد قابو پایاجاسکے۔