’سعودی عرب میں کورونا وائرس کے کیسز میں عدم استحکام‘
کورونا ویکسین کی دو کروڑ 71 لاکھ خوراکیں دی جا چکی ہیں (فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ’ کورونا ایس او پیز کی مسلسل پابندی اور ویکسین لے کر ہی وبا کو قابو کیا جا سکتا ہے‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ ’ان دنوں سعودی عرب میں کورونا وائرس کے کیسز میں عدم استحکام دیکھنے میں آ رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’کوشش ہے کہ دنیا کے مختلف ملکوں میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز جیسا ماحول یہاں نہ آئے۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کا مقابلہ ویکسین اور ایس او پیز کی پابندی کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے‘۔
العبد العالی نے کہا کہ ’کورونا وائرس حاملہ خاتون کی صحت کے لیے خطرہ ہے۔ مختلف ملکوں سے ملنے والے اعداد وشمار سے یہ بات ریکارڈ پر آئی ہے کہ انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں 98 فیصد متاثرہ خواتین وہ ہیں جنہوں نے ویکسین نہیں لی۔ ویکسین موثر، محفوظ اور ماں اور جنین کو وائرس لگنے سے بچاتی ہے‘۔
ترجمان نے کہا کہ ’کورونا کی نئی قسم ڈیلٹا تیزی سے پھیلتی ہے اور خطرناک ہے۔ اس کا مقابلہ ویکسین کی دو خوراکوں کے ذریعے کیا جا سکتا ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ’سعودی عرب میں کورونا ویکسین کی دو کروڑ 71 لاکھ، 20 ہزار 36 خوراکیں دی جا چکی ہیں‘۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 1.47 ملین معمر افراد ویکسین لے چکے ہیں۔