Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات نے پاکستانی اقامہ ہولڈرز اور ٹرانزٹ مسافروں پر عائد پابندی اٹھا لی

’اقامہ ہولڈروں کو ملک میں منظوری شدہ ویکسین کی دو خوراکیں لینے کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا‘ ( فوٹو: الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسز میجنمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ پانچ اگست سے انڈیا، پاکستان، نائجیریا اور دیگر ممالک سے ٹرازٹ مسافروں اور اقامہ ہولڈرز پر عائد پابندی اٹھائی جا رہی ہے۔ 
نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسز میجنمنٹ اتھارٹی نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ممالک جہاں سے پروازوں پر پابندی عائد تھی ان ممالک سے جمعرات سے مسافر اماراتی ایئرپورٹس سے ٹرازٹ کر سکتے ہیں تاہم اس کے لیے انہیں روانگی سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر منفی ٹیسٹ پیش کرنا ہوگا اور سفر کے آخری مقام کی بھی منظوری بھی حاصل کرنا ہوگی۔ 
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اماراتی ایئرپورٹس پر ٹرانزٹ مسافروں کے لیے علیحدہ لاؤنج کا انتظام کیا جائے گا۔ 
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’پاکستان، انڈیا، سری لنکا، نیپال، نائیجیریا اور یوگنڈا کے وہ شہری جن کے پاس اماراتی اقامہ ہے وہ واپس آ سکتے ہیں‘۔
’جن مسافروں پر سے پابندی اٹھائی جا رہی ہے انہیں ملک میں منظوری شدہ ویکسین کی دو خوراکیں لینے کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا‘۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’ملک میں کام کرنے والے ڈاکٹروں، نرسنگ سٹاف اور فنی طبی عملہ جنہوں نے ویکسین لی ہے یا نہیں لی انہیں بھی ملک میں آنے کی اجازت ہے‘۔
’ملک کے مختلف تعلیمی اداروں اور جامعات میں کام کرنے والے تدریسی عملے کے علاوہ طلبہ کو بھی ویکسین سے استثنیٰ ہے‘۔
’وہ افراد جن کے پاس اقامہ ہے اور جو ملک کے کسی سرکاری ادارے کے ملازمین ہیں خواہ انہوں نے ویکسین لے رکھی ہے یا نہیں، دونوں صورتوں میں انہیں ملک واپس آنے کی اجازت ہے‘۔

شیئر: