ابوظبی میں سکولوں کے لیے نئی ایس او پیز پالیسی کیا ہے؟
ابوظبی میں سکولوں کے لیے نئی ایس او پیز پالیسی کیا ہے؟
منگل 3 اگست 2021 5:33
طلبہ کے گروپ بنائے جائیں گےـ (فوٹو: الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں محکمہ تعلیم ابوظبی نے تعلیمی سال 2022-2021 کے حوالے سے نجی اور دیگر سکولوں کے لیے کورونا ایس او پیز کی نئی پالیسی تیار کی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق محکمہ تعلیم نے طلبہ کے لیے پلے گراؤنڈ بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ یہ بھی طے کرلیا گیا ہے کہ سکول میں کھانا بھی مہیا کیا جائے۔
محکمہ تعلیم نے عندیہ دیا ہے کہ کورونا ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ سپورٹس ٹریننگ کے پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے۔
ابوظبی کے نجی اور سپیشل سکولوں سے متعلق نئی پالیسی کورونا وبا سے پیدا ہونے والے مسائل اور قدرتی آفات کو کنٹرول کرنے والی کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق ہیں۔ محکمہ تعلیم نے اطمینان دلایا ہے کہ تمام اساتذہ، دفتری کارکنان اور ملاقاتیوں کو سکولوں میں حفاظتی تدابیر کا پابند بنایا جائے گا۔
10 سے 16 پر مشتمل طلبہ کے گروپ بنائے جائیں گےـ دوسری اور تیسری کلاس کے ایسے طلبہ کو ان گروپوں میں شامل کیا جائے گا جو سماجی فاصلے کی اہلیت نہ رکھتے ہوں- سکولوں میں طلبہ کے درمیان سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ جگہیں متعین ہوں گی ـ
سکولوں میں کوکنگ کی سہو لتیں مہیا کی جائیں گی بشرطیکہ سکول میں ریستوران کی طرف سے طلبہ کو کھانے پینے کی اشیا فراہم کی جائیں۔
نیا تعلیمی سال شروع ہونے پر طلبہ کو سپورٹس ٹریننگ کلاس میں شرکت کا موقع دیا جائے گا اور تیراکی سمیت مختلف سرگرمیوں کی بھی اجازت ہوگی۔