سنگین جرائم میں ملوث سعودی شہری کو سزائے موت
سپریم کورٹ نے فیصلے کی توثیق کردی تھی(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’سنگین جرائم پر سعودی شہری کو منگل کو مشرقی ریجن کے شہر دمام میں سزائے موت دی گئی ہے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ ’سعودی شہری احمد بن سعید بن علی الجنبی نے ریاستی حکام کے خلاف مسلح بغاوت سمیت متعدد جرائم کا ارتکاب کیا تھا‘۔
’قطیف کمشنری میں مختلف مقامات پر سیکیورٹی گشتی فورس اور چیک پوسٹوں پر متعدد بار سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی کوشش کی۔ بدامنی پھیلانے میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں، دہشت گردی کی فنڈنگ جیسے کام کیے تھے جبکہ بیرون مملکت سے اسلحہ سمگل کرنے، چھپانے اور منتقل کرنے کی کارروائیوں میں ملوث رہا‘۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ’ احمد الجنبی کو گرفتار کرکے پوچھ گچھ کی گئی۔ فرد جرم عائد کرکے اسے سپیشلسٹ فوجداری عدالت کے حوالے کیا گیا‘۔
فوجداری عدالت نے احمد الجنبی پرالزامات ثابت ہونے، ملکی نظام سے بغاوت، والیان ریاست سے بغاوت، ملک میں انارکی پھیلانے جیسے جرائم پر موت کی سزا سنادی تھی۔
خصوصی فوجداری اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے فیصلے کی توثیق کردی تھی۔ ایوان شاہی سے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان بھی جاری ہوگیا تھا۔