دہشت گردی میں ملوث شہری کو سزائے موت
جمعرات 29 جولائی 2021 23:44
سعودی حکام نے جازان شہر میں لوٹ مار کے لیے بینک میں فائرنگ کرنے والے مقامی شہری پر ’حد الحرابہ‘ نافذ کی ہے۔ حد الحرابہ ملک میں انارکی پھیلانے والے جرم کی سزا کہلاتی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی شہری محمد بن ابراہیم الرفاعی متعدد جرائم میں پولیس کو مطلوب اور دہشت گرد تنظیم داعش کا رکن تھا۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ الرفاعی نے جازان شہر کے ایک بینک میں گھس کر وہاں موجود افراد پر فائرنگ کی جس سے یحیی بن احمد شیبان اور عبداللہ بن عبدہ بن محمد بکر ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔
الرفاعی نے دیگر کو یرغمال بنالیا تھا۔ فائرنگ سے بینک کو بھاری نقصان پہنچا تھا۔ سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی تھی۔ الرفاعی غیر قانونی طریقے سے اسلحہ ذخیرہ کرکے بدامنی پھیلا رہا تھا۔
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کرکے اس سے پوچھ گچھ کی اور فرد جرم عائد کرکے سپیشل کورٹ کے حوالے کردیا تھا۔
عدالت نے ملک میں انارکی اور بدامنی پھیلانے والے جرائم کے ارتکاب کے پیش نظر اسے حد الحرابہ کی سزا سنائی تھی۔ متعلقہ عدالتوں نے فیصلے کی توثیق کردی تھی اور آخر میں ایوان شاہی سے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری ہوگیا تھا۔
جازان کے حکام نےالرفاعی کو جمعرات کو جیل میں موت کی سزا دی ہے۔