پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیت گیا
اس سے قبل بھی دو میچ بارش کی نذر ہو گئے تھے (فوٹو کرک انفو)
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والا چوتھا ٹی 20 میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا جس کے بعد پاکستان چار میچوں کی یہ سیریز ایک صفر سے جیت گیا۔
اس سے قبل بھی دو میچ بارش کی نذر ہو گئے تھے۔ منگل کو پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
ویسٹ انڈیز کے اوپنرز کرس گیل اور آندرے فلیچر نے کھیل کا آغاز کیا تو تیسرے اوور میں بارش شروع ہو گئی جو دیر تک جاری رہی اور بلآخر میچ کو ختم کرنا پڑا۔
گذشتہ سنیچر کو پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میچ میں کپتان بابر اعظم کی نصف سنچری اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی ریکارڈ ساز اننگز کے بعد میزبان ویسٹ انڈیز کو سات رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ کی بارش سے متاثرہ اننگز میں پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تھے۔ جواب میں میزبان سائیڈ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز تک محدود رہی۔
ویسٹ انڈیز نے سنیچر کو ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بارش سے متاثرہ اننگز میں پاکستانی ٹیم بہت بڑا ٹوٹل تو نہ سجا سکی البتہ گیانا میں کھیلے گئے میچ میں محمد رضوان نے کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی 20 رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لی۔
رن آؤٹ ہونے سے قبل محمد رضوان نے 36 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چوکے اور دو چھکے بھی شامل تھے۔
کپتان بابراعظم نے 41 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ اوپنر شرجیل خان 20 اور فخر زمان نے 15 رنز بنائے۔