Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹی20: پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف 7 رنز سے کامیابی

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی 20 بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میچ میں کپتان بابر اعظم کی نصف سنچری اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی ریکارڈ ساز اننگز کے بعد میزبان ویسٹ انڈیز کو سات رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ کی بارش سے متاثرہ اننگز میں پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تھے۔ جواب میں میزبان سائیڈ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز تک محدود رہی۔
ویسٹ انڈیز نے سنیچر کو ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بارش سے متاثرہ اننگز میں پاکستانی ٹیم بہت بڑا ٹوٹل تو نہ سجا سکی البتہ گیانا میں کھیلے گئے میچ میں محمد رضوان نے کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی 20 رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لی۔
رن آؤٹ ہونے سے قبل محمد رضوان نے 36 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چوکے اور دو چھکے بھی شامل تھے۔
کپتان بابراعظم نے 41 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ اوپنر شرجیل خان 20 اور فخر زمان نے 15 رنز بنائے۔
قبل ازیں 16ویں اوور کے اختتام پر بارش کی وجہ سے کھیل روکا گیا تو پاکستانی ٹیم نے دو وکٹیں کھو کر 134 رنز بنائے تھے۔ بارش رکنے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑی سکور میں خاطر خواہ اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوتے چلے گئے۔
اعظم خان کے زخمی ہونے پر ٹیم میں شامل کیے گئے صہیب مقصود اور شاداب خان نے پانچ، پانچ جب کہ محمد حفیظ چھ اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ شروع کی تو انہیں پہلے اوور کی دوسری گیند پر ہی وکٹ کھونا پڑ گئی جب محمد حفیظ نے اینڈرے فلیچر کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔
جارح مزاج کرس گیل 20 گیندوں پر 16 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے جب کہ میزبان سائیڈ کی تیسری وکٹ محمد وسیم کے حصے میں آئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اگر چہ بیٹنگ کے شعبے میں تو خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن بولنگ کرتے ہوئے انہوں نے ٹی 20 کرکٹ میں اپنی سب سے باکفایت بولنگ کی۔
محمد حفیظ نے چار اوورز میں محض چھ رنز دیے اور ایک وکٹ حاصل کی، انہوں نے ایک میڈن اوور بھی کرایا۔
ویسٹ انڈین وکٹ کیپر نکولس پوران نے ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 62 رنز بنائے، ابتدا میں محتاط انداز اپنانے کے بعد کپتان کیرن پولارڈ کے کریز پر آنے کے بعد ہاتھ کھولے تو محمد وسیم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو بھی چھکے لگائے۔
کیرن پولارڈ نے 13 گیندوں پر 13 رنز بنانے کے بعد جارحانہ کھیلنے کی کوشش کی لیکن آخری اوور میں شاہین شاہ آفریدی کو وکٹ تھما بیٹھے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار یکم اگست جب کہ چوتھا میچ تین اگست کو کھیلا جائے گا۔

شیئر: