امارات کے وزیر کی ایران کے نئے صدر سے تہران میں ملاقات
وام کے مطابق یہ ملاقات بدھ کو متحدہ عرب امارات کے وفد کی تہران کے دورے کے دوران ہوئی ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام نے سنیچر کو بتایا ہے کہ وزیر برائے رواداری اور بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک ال نہیان نے ایران کے نو منتخب صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے۔
وام کے مطابق یہ ملاقات بدھ کو متحدہ عرب امارات کے وفد کی تہران کے دورے کے دوران ہوئی ہے۔
ایران کی اسلامی جمہوریہ نیوز ایجنسی کے مطابق ملاقات کے دوران ابراہیم رئیسی نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو بہتر کرنے کی ایران کی مخلصانہ اور سنجیدہ خواہش کا اظہار کیا۔
ایران کے سپریم لیڈر کے پیروکار کے طور پر مشہور ابراہیم رئیسی نے گذشتہ ہفتے پارلیمنٹ میں ایک تقریب میں صدر کا حلف اٹھایا ہے۔ ان کے حلف اٹھانے کے ساتھ تمام حکومتی شعبوں میں سخت گیر عناصر کا غلبہ مکمل ہو گیا ہے۔
عدلیہ کے سابق چیف نے جو مغرب پر اعتماد نہ کرنے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، ایک مشکل وقت میں اقتدار سنبھالا ہے۔
سنہ 2015 کے ایٹمی معاہدے کو بچانے کے لیے امریکہ کے ساتھ ایران کے بالواسطہ مذاکرات تعطل کا شکار ہیں کیونکہ واشنگٹن نے پابندیوں کو برقرار رکھا ہے اور علاقائی دشمنیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔