Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آبدیدہ لیونل میسی کا بارسلونا فٹ بال کلب کو جذباتی الوداع

مختلف رپورٹس میں  کہا گیا تھا کہ ’مالی مشکلات‘ میسی کے کلب کو الوداع کہنے کاسبب بنیں (فوٹو: اے ایف پی)
آٹھ اگست کو دوپہر 12 بجے مشہور فٹ بالر لیونل میسی  نے بارسلونا فٹ بال کلب میں اپنے 21 سالہ دور احتتام کی تصدیق کے لیے کیمپ ناؤ میں ایک پریس کانفرنس کی۔
سی جی ٹی این  کے مطابق یہ سپر سٹارمیسی کے لیے بلاشبہ ایک جذباتی موقع تھا۔ انہوں نے نم آنکھوں کے ساتھ پریس کانفرنس کا آغاز کیا تاہم وہ آدھ گھنٹے تک سٹیج پر موجود رہے اور سپین کے صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے رہے۔
 پوری پریس کانفرنس کے دوران وہ بارسلونا کلب کے ساتھ اپنے کھیل کے اختتام کی بات پر قائم رہے لیکن حیران کن چیز ان کا لہجہ  تھا۔
میسی نے کہا ’سچ یہ ہے کہ ہم چھوڑ رہے ہیں۔ میں نے کبھی الوداع کہنے کے بارے میں نہیں سوچا تھا۔‘ جب ان سے ایک سال قبل بارسلونا کلب چھوڑنے کے فیصلے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے بہت مختصر جواب دیا  ’گزشتہ برس میں چھوڑنا چاہتا تھا اس لیے یہ کہا لیکن اس سال تو میں رکنا چاہتا تھا۔‘
جب میسی سے پوچھا گیا کہ وہ اب کیوں چھوڑ رہے ہیں تو انہوں نے بغیر کسی وضاحت کے اتنا ہی کہا کہ ’وہ (ایف سی بارسلونا) لالیگا کی وجہ سے ایسا نہیں کر سکتے۔ ہم نے ہر ممکن کوشش کی کیونکہ ہم تو رکنا چاہتے تھے۔‘
اس وقت مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ میسی فرانس کی لیگ ون میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) جائن کریں گے۔ پی ایس جی وہ واحد فورم ہے جو میسی کے اخراجات برداشت کر سکتا ہے اور یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ میسی کے والد اور ایجنٹ کی پی ایس جی کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

قیاس آرائیاں کی جاری ہے کہ میسی فرانس کی لیگ ون میں پیرس سینٹ جرمین کلب جائن کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)

میسی جو کہ ایف سی بارسلونا کے بڑے لوگو کے سامنے کھڑے تھے، نے یقین سے ساتھ کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا  اور صرف اتنا کہا کہ ’یہ ایک امکان ہو سکتا ہے۔‘ تاہم بعد میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے مستقبل میں دوبارہ بارسلونا کے لیے کھیلنے کے بارے میں بات چیت کی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مختلف رپورٹس میں  کہا گیا تھا کہ ’مالی مشکلات‘ میسی کے کلب کو الوداع کہنے کا سبب بنیں اور یہ بھی کہا گیا کہ بارسلونا کلب کا ایک ارب 10کروڑ ڈالرز کا مقروض ہونا بھی اس کا سبب ہے۔
کیا اس فیصلے کی وجہ لالیگا میں ہار بنی؟ اس سوال پر میسی کا کہنا تھا کہ یہ قرضے کا معاملہ تھا اور لیگ مزید ابتری سے بچنا چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تنخواہ میں سے 50 فیصد کی کٹوتی پر بھی راضی تھے۔
 

شیئر: