Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میسی کا انتظار ختم ہوا‘، کوپا امریکہ کپ ارجنٹینا کے نام

اس ٹورنانمنٹ میں نیمار نے 2 جبکہ ارجنٹینا کے کپتان میسی نے 3 گول کیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دنیائے فٹ بال کے سپر سٹار لیونل میسی نے کوپا امریکہ 2021 کے فائنل میں برازیل کو ہرا کر اپنی قومی ٹیم کے لیے پہلا بڑا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ارجنٹینا نے آخری مرتبہ 1993 میں ایسی بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔
کوپا امریکہ فٹ بال کپ کے فائنل میں ارجنٹینا نے میزبان برازیل کو 1-0 سے شکست دی۔ میسی کی اس تاریخی فتح پر نہ صرف بین الااقومی بلکہ پاکستانی فٹبال شائقین بھی جشن منا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر میسی اور ارجینٹینا ٹرینڈنگ لسٹ میں بھی سر فہرست ہے۔
ٹوئٹر صارف درشات سینی نے لکھا کہ ’بالآخر میسی کا نتظار ختم ہوا اور اس نے ارجینٹنا کے لیے یہ کر دکھایا۔‘

 فٹ بال فینز برازیل اور ارجنٹینا سے زیادہ لیونل میسی اور نیمار جونیئر  کو آمنے سامنے دیکھنے کے لیے خاصے پرجوش تھے۔ لیونل میسی اور نیمار جونیئر فٹ بال کی دنیا کے دو بڑے نام ہیں جو اس سے قبل بارسلونا کے لیے ایک ساتھ کھیل چکے ہیں۔
جہاں صارفین میسی کی اس جیت پر خوشی کا اظہار کرتے نظر آئے وہیں ان کی برازیل کے کھلاڑی کو گلے لگا کر شاباش دینے کی ویڈیو بھی زیر گردش ہے۔ ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’مخلتف کھلاڑی، الگ ٹیمیں مگر دوستی اور سپورٹس مین شپ کی بہترین مثال۔‘

اس ٹورنامنٹ میں نیمار نے 2 جبکہ ارجنٹینا کے کپتان میسی نے 3 گول کیے۔
ٹوئٹر صارف کاشف نے لکھا کہ ’اگر آپ فٹ بال سے پیار کرتے ہیں تو آپ میسی سے کبھی نفرت نہیں کر سکتے۔‘

یہ میچ لیونل میسی کے لیے اہم تصور کیے جانے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ میسی نے بارسلونا فٹ بال کلب کی جانب سے28 ٹائٹل اپنے نام کیے ہیں جب کہ وہ اپنی قومی ٹیم کے لیے اب تک کوئی بڑا اعزاز حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ ارجنٹینا کے لیے 1993 کے بعد میسی نے یہ معرکہ بھی سر کر لیا۔
دوسری جانب آج رات 12 بجے یورو کپ کا فائنل انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شیئر: