Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ایئرپورٹ پر آئندہ برس ساڑھے پانچ کروڑ مسافروں کی آمدورفت متوقع

پاول گریفیتھ کا کہنا تھا کہ ’بکنگ میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو توقع ہے کہ اگلے سال تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ مسافروں اس ایئرپورٹ سے آمدورفت کریں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دبئی ایئرپورٹ پر سفری پابندیوں میں نرمی اور اور گرمیوں میں سفر میں اضافے کی وجہ سے مسافروں کی آمدورفت میں اضافہ ہوا ہے۔
دبئی ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹیو پاول گریفیتھ کا کہنا ہے کہ ’صورت حال میں بہتری کی وجہ سے ہمیں لگتا ہے کہ اگلے سال ساڑھے پانچ کروڑ کے قریب مسافر آئیں گے۔‘
دبئی ایئرپورٹ سے گذشتہ برس دو کروڑ 59 لاکھ مسافروں نے سفر کیا اور 2019 میں کورونا کی وبا پھیلنے سے پہلے ساڑھے آٹھ کروڑ مسافروں نے اس ایئرپورٹ کا استعمال کیا تھا۔
دبئی ایئرپورٹ کے مطابق رواں برس کے پہلے چھ ماہ میں تقریباً ایک کروڑ افراد اس ایئرپورٹ سے گزرے جو گذشتہ برس اسی عرصے سے 40.9 فیصد کم ہیں۔
پاول گریفیتھ نے کہا کہ ’گذشتہ ہفتے مسافروں کی آمدورفت بہت اچھی رہی اور اس برس ان کی تعداد تقریباً تین کروڑ رہے گی۔‘
دبئی ایئرپورٹ کا شمار دنیا کی مصروف ترین ہوائی اڈوں میں ہوتا ہے اور اس زیادہ تر انحصار مقامی کے بجائے بین الاقوامی پروازوں پر ہے۔
امارات نے رواں ماہ متعدد افریقی اور ایشیائی ممالک سے سفر کی پابندیوں میں نرمی کی ہے۔
پاول گریفیتھ کا کہنا تھا کہ ’بکنگ میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور لندن سے آنے جانے کے لیے بکنگ میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔‘
’میرے خیال میں انڈیا کی طرح کے ممالک کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کرنا درست اقدام ہے۔‘

شیئر: