Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے تعلیمی سال کے لیے ٹرانسپورٹ سروس کی تیاری مکمل

ٹرانسپورٹ کمپنی 12لاکھ طلبا و طالبات کو خدمات فراہم کرتی ہے (فوٹو: التطویر)
سعودی عرب میں وزارت تعلیم کے سکولوں کے لیے ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والی کمپنی تطویر ایجوکیشنل ٹرانسپورٹیشن سروسز کمپنی (ٹی ٹی سی) نے نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل اپنی تیاری مکمل کر لی ہے۔
سعودی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق طلبہ کو سکولوں تک پہنچانے کی خدمات کو اعلیٰ معیار کے مطابق آپریشنل، سپروائزری اور ریگولیٹری آپریشنز کے معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ڈرائیوروں کو محفوظ ڈرائیونگ کے تقاضوں کے مطابق تربیت دی گئی ہے (فوٹو: عرب نیوز)

خدمات مہیا کرنے والی کمپنی نے مملکت میں تعلیمی ڈائریکٹوریٹس کے تعاون سے سکول ٹرانسپورٹ کے مربوط منصوبے کا اعلان کیا ہے تاکہ طلبا کو محفوظ اور آرام دہ سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔
تطویر کمپنی نے اپنی آپریشنل کارکردگی بڑھانے اورسیٹوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔
ان اقدامات کا مقصد سکولوں کے لیے نقل و حمل کی خدمات کو بڑھانا اور پورے ملک میں بسوں کے بیڑے کی کارکردگی کو فروغ دینا ہے۔
واضح رہے کہ التطویر کمپنی مملکت میں 21 ہزار سکولوں میں 12 لاکھ طلبا و طالبات کو خدمات فراہم کرتی ہے۔

حفاظتی اقدامات کی دیکھ بھال کے لئے 207 سے زائد فیلڈ سٹاف متعین ہو گا (فوٹو: عرب نیوز)

یہ ٹرنسپورٹ کمپنی اپنی 30 ہزار سے زائد گاڑیوں کی مدد سے سکولوں کے لیے 69 ہزار سے زائد بار طلبا و طالبات کو لانے لے جانے کا کام کرتی ہے۔
اس کمپنی نے تقریباً  30،000 معذور طلبا کو اپنی خدمات  پیش کرنے کی کوششیں بھی تیز کر دی ہیں۔
ایسے مخصوص طلبا کو سکولوں میں لانے اور واپس گھروں تک چھوڑنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تین ہزار دو سو سے زائد بسوں اور گاڑیوں کے ذریعے خدمات کے لیے تیار ہے۔ مملکت میں ایسے 2890 سکولوں کو اپنی خدمات پیش کرے گی۔

آپریشنل کارکردگی بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

ڈرائیوروں کو محفوظ ڈرائیونگ کی تربیت دینے کے لیے کمپنی نے منتخب ٹھیکیداروں کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ ان کے تعاون سے معیار کے مطابق ڈرائیوروں کے انتخاب کے طریقہ کار کو بہتر بنایا جا سکے۔
منتخب ٹھیکیداروں کی مدد سے 25 ہزار سے زائد بس ڈرائیوروں کو محفوظ ڈرائیونگ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیت دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں بسوں کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ان میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مخصوص آلات اور نظام  کی تنصیب کی گئی ہے۔
حفاظتی نقطہ نظر سے سکیورٹی کا نظام بہتر رکھنے کے لیے ٹرانسپورٹ سروس میں حفاظتی اقدامات کی دیکھ بھال کے لیے 207 سے زائد فیلڈ سٹاف متعین ہو گا۔
 

شیئر: