سعودی سپیس کمیشن کا نیا پروگرام، خلا نورد تیار کیے جائیں گے
پروگرام میں 7 سے 16 برس کے لڑکوں کو شامل کیا جائے گا- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے خلائی ادارے نے نیا پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت خلا نورد تیار کیے جائیں گے۔ نئے پروگرام کا نام ’خلا نورد کے طور پر مشق کرو‘ رکھا گیا ہے۔ اس کا مقصد معاشرے میں خلا نوردی کا شعور بیدار کرنا ہے۔
نئے پروگرام کے تحت مقامی نوجوانوں کو خلا نوردوں کی حیثیت سے تیار کیا جائے گا اور ان کا طرز حیات اپنانے کا عادی بنایا جائے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق خلائی ادارے نے کہا ہے کہ یہ پروگرام سپورٹسا اکیڈمی کی شراکت سے شروع کیا جا رہا ہے۔ اس کی سرگرمیاں چار دن تک جاری رہیں گی۔ اس میں سات سے سولہ برس تک کے لڑکوں کو شامل کیا جائے گا۔
سعودی خلائی ادارے نے توجہ دلائی کہ انڈور سپورٹس ہال میں خلا نوردوں کی ٹریننگ کا تجربہ کیا جائے گا۔ اس کے تحت خلا نوردی کا کورس کرنے والوں میں ڈسپلن پیدا کیا جائے گا اور ان کی امنگوں کا گراف بلند کیا جائے گا۔
سعودی خلائی ادارے نے پروگرام مستقبل کے انجینیئرز اور خلا نورد تیار کرنے کے مشن کے تحت بنایا ہے۔ اس میں شامل ان نوجوانوں کو جو منفرد استعداد کا مظاہرہ کریں گے مختلف خلائی پروگراموں کا حصہ بنایا جائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں