سعودی مصنوعی سیاروں کو خلا میں بھیجنے کی تاریخ ملتوی
’مصنوعی سیارے خلا میں بھیجنے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
کنگ عبد العزیز سٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ سعودی مصنوعی سیاروں کو خلا میں بھیجنے کی تاریخ ملتوی ہوگئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ادارے نے کہا ہے کہ ’مصنوعی سیارے آج خلا میں بھیجے جانے تھے تاہم فنی مسائل کی وجہ سے یہ پروگرام ملتوی ہوگیا ہے‘۔
کنگ عبد العزیز سٹی نے کہا ہے کہ ’نئی تاریخ کا بعد ازاں اعلان کیا جائے گا‘۔
واضح رہے کہ سعودی سپیس کمیشن کے چیئرمین شہزادہ سلطان بن سلمان نے جمعے کو کہاتھا کہ سعودی عرب ہفتہ 20 مارچ کو سعودی ساختہ دو مصنوعی سیارے خلا میں بھیجے گا۔
اخبار 24 کے مطابق شہزادہ سلطان بن سلمان نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ سعودی مصنوعی سیارے میں سے ایک کا نام شاہین سیٹ اور دوسرے کا نام کیوب سیٹ ہے۔
ان میں سے ایک کنگ عبدالعزیز سائنسی اینڈ ٹیکنالوجی سٹی اور دوسرا کنگ سعود یونیورسٹی کے سائنٹسٹ نے تیار کیا ہے۔