سعودی عرب: خلائی شعبے میں شراکت داری کے نئے منصوبوں کا جلد اعلان
کمیشن کے سربراہ شہزادہ سلطان خلا میں جانے والے پہلے سعودی خلاباز تھے (فوٹو: عرب نیوز)
خلائی شعبے میں ترقی کی غرض سے سعودی عرب کا خلائی کمیشن شراکت داری کے معاہدوں کے حوالے سے جلد اعلان کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق خلائی شعبے میں ترقی سے متعلق منصوبہ تجویز مکمل ہونے پر منظوری کے لیے سعودی حکومت کو جمع کروایا جائے گا جس کے بعد اس پر عمل درآمد ہوگا۔
خلائی کمیشن کے سربراہ شہزادہ سلطان بن سلمان نے گورنمنٹ پروکیورمنٹ اتھارٹی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب کے دوران کمیشن کے مخلتف معاہدوں پر اشتراک کے حوالے سے اعلان کیا۔
عرب نیوز کے مطابق یہ مشترکہ معاہدہ سائنسی تحقیق میں ترقی اور خلائی انڈسٹری میں جدت کے نئے راستے کھولے گا۔
گشتہ سال اکتوبر میں برطانوی خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ نے کہا تھا کہ سعودی عرب خلائی شعبے میں ترقی کی غرض سے 8 ارب ڈالر لگانے کا اراداہ رکھتا ہے۔
سعودی خلائی کمیشن سال 2018 میں شاہی فرمان کے تحت قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد خلائی شعبے میں تحقیق اور صنعتی سرگرمیوں کو متحرک کرنا تھا۔
سعودی خلائی کمیشن کی سربراہی شہزادہ سلطان کر رہے ہیں جو خلا میں جانے والے پہلے سعودی خلاباز ہیں۔