ای شاپنگ سینٹر کے خلاف کارروائی، صارفین کے پانچ لاکھ ریال واپس
جمعرات 19 اگست 2021 21:57
مفاہمت کے تحت ای شاپنگ سینٹر باقی ماندہ رقم چند روز میں ادا کردے گا- (فوٹو عاجل)
وزارت تجارت نے ای شاپنگ سینٹر سے صارفین کو 5 لاکھ ریال واپس دلا دیے- سینٹر چین سے سامان مقررہ وقت پر فراہم کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہا تھا-
سبق ویب سائٹ کے مطابق صارفین نے ای شاپنگ سینٹر کے خلاف وزارت تجارت سے رجوع کرکے 735 شکایات درج کرائی تھیں- وزارت نے شکایات کے بارے میں چھان بین کرکے صارفین کا موقف درست پایا اور انہیں 2 لاکھ 56 ہزار 427 ریال ای شاپنگ سینٹر سے واپس دلوائے- یہ رقم 211 صارفین نے سامان کی قیمت کے طور پر ادا کی تھی-
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ رقم کے بارے میں صارفین اور ای شاپنگ سینٹر کے درمیان مفاہمت ہوگئی ہے- شاپنگ سینٹر انہیں آئندہ چند روز میں باقی ماندہ رقم ادا کردے گا-
وزارت تجارت نے اطمینان دلایا ہے کہ وہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ای شاپنگ سینٹر کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے- وزارت کی انتہائی کوشش ہے کہ ای شاپنگ سینٹرز سے ای قانون تجارت اور اس کے لائحہ عمل کی پابندی کرائی جائے-
وزارت تجارت کا یہ بھی موقف ہے کہ ای قانون تجارت کی خلاف ورزی اور صارفین سے کیے گئے وعدے پورے نہ کرنے پر ای شاپنگ سینٹر کے خلاف مقررہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے-
سعودی قانون تجارت تمام صارفین کو یہ حق دیتا ہے کہ ای شاپنگ سینٹر نے مطلوبہ سامان مقررہ وقت پر فراہم نہ کیا تو وہ آرڈر منسوخ کرسکتے ہیں یا آرڈر کی تاریخ سے پندرہ روز کے اندر سامان نہ ملنے پر آرڈر واپس لے سکتے ہیں- صارفین کو سامان واپس کرنے کا بھی حق حاصل ہے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں