مملکت میں رجسٹرڈ ای شاپنگ سینٹرز کی تعداد ایک لاکھ تیرہ ہزار
’معروف‘ پلیٹ فارم پر اپنے کاروبار کا اندراج کرایا جاسکتا ہے- (فوٹو ارقام)
وزارت تجارت نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں ’معروف ‘ پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ای شاپنگ سینٹرز کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار تک پہنچ گئی-
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ خواتین و حضرات میں سے جو بھی چاہے ’معروف‘ پلیٹ فارم پر اپنے کاروبار کا اندراج کراسکتا ہے- وزارت تجارت کے قوانین و ضوابط کے مطابق کسی بھی کاروبار کا اندراج ممکن ہے-
معروف پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ای شاپنگ سینٹرپر باقاعدہ نظر رکھی جاتی ہے- ایسے کسی بھی شاپنگ سینٹر کا نام معروف پلیٹ فارم سے خارج کردیا جاتا ہے جو آن لائن کاروبار سے متعلق وزارت تجارت کے قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کررہا ہو-
معروف پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ای شاپنگ سینٹرز میں ای مارکیٹنگ، بیکریاں، کیٹرنگ، خواتین کے لوازمات، الیکٹرانک آلات، مصنوعی زیورات، ڈیزائننگ، اکیڈمک سروسز، تقریبات اور تہواروں کے پروگرام اور آن لائن حل زیادہ رائج ہیں-
یاد رہے کہ سعودی قانون تجارت کے بموجب کسی بھی ای شاپنگ سینٹر کی خلاف ورزی پر شکایت درج کرائی جاسکتی ہے- شکایت کا فوری نوٹس لیا جاتا ہے- متعلقہ شاپنگ سینٹر کے پیج پر جاکر ’ابلاغ‘ کو پش کرکے شکایت درج کرکے بھیج دی جائے کارروائی ہوگی-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں