سمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد اب سمارٹ جنگل: عمران خان
وزیراعظم نے کہا کہ سمارٹ جنگل میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہر پودے کو بڑھتا ہوا دیکھ سکیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رکھ جھوک جنگل میں ایک کروڑ درخت لگائیں گے جس سے ماحول میں بہتری آئے گی۔
بدھ کو شیخوپورہ میں رک جھوک سمارٹ جنگل کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا بڑا منصوبہ ہے۔
’ہم نے سمارٹ لاک ڈاؤن لگائے تھے جس کا مذاق اڑایا گیا اور اب سمارٹ جنگل بن رہا جس پر مجھے خوشی ہو رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہم ہر پودے کو بڑھتا ہوا دیکھ سکیں گے۔
رکھ جھوک پاکستان کا پہلا سمارٹ جنگل ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔
سی ای او راوی اربن اتھارٹی عمران امین کے مطابق ’اس منصوبے کو وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق بنایا جا رہا ہے، یہ منصوبہ آنے والی نسلوں کے لیے ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس میں سات پانی صاف کرنے والے پلانٹ اور راوی دریا کے ساتھ بیراج بنائے گئے ہیں، تاکہ ہم آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ماحول بنائیں۔ ہر منصوبے کے ساتھ منافع کمانے کی سرگرمیاں رکھی گئی ہیں، اس میں ایکو ٹورسم کی منصوبہ بندیاں کی گئیں ہیں جس سے تمام منافع بغیر کسی حکومتی بجٹ کے خود کمایا جائے گا۔‘
عمران امین کے مطابق ٹیکنالوجی کا مقصد یہ تھا کہ ہم بغیر کسی حکومتی مدد یا قرضوں کے اپنا ریونیو خود کما سکیں۔
سمارٹ جنگل دنیا میں ابھرتی ہوئی جدید نوعیت کے جنگل ہیں، جس میں پودے اور درخت ایک خاص طریقہ کار اور منصوبہ بندی سے لگائے جاتے ہیں۔
رکھ جھوک جنگل 3071 ایکڑ زمین پر مشتمل ہوگا، جس میں تفریحی مقامات، ہٹس، اور ہوٹلز بنائے جائیں گے۔
رکھ جھوک جنگل میں جدید زرعی طریقہ کار سے زراعت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
اسی سلسلے میں ٹوئٹر پر بھی حکومتی اور عوامی رائے سامنے آ رہی ہے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون برائے ڈیجیٹل میڈیا اظہر مشوانی کے مطابق یہ مکس اربن فارسٹ ہے، جو 24 ہزار کنال پر مشتمل ہوگا۔
عباس فضل نامی صارف نے ٹویٹ کیا کہ ’سبز پاکستان اب حقیقت بن گیا ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کی بہت بڑی کامیابی ہوگی۔‘
ایک صارف نے کہا کہ ’جنگلات اب ٹیکنالوجی کی طرف جا رہے ہیں تاکہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔‘