Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکٹر امجد ثاقب کے لیے رامون مگسیسے ایوارڈ، ’قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر آپ کا شکریہ‘

اخوت فاؤنڈیشن کے بانی محمد امجد ثاقب کو مائیکرو فنانس پروگرام کی کامیابی پر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر ڈاکٹر امجد)
پاکستان کے مشہور سماجی کارکن محمد امجد ثاقب کو ایشیا کے سب سے بڑے اعزاز رامون مگسیسے جسے ایشیا کا نوبل پرائز بھی کہا جاتا ہے، سے نوازا گیا ہے۔ 
اخوت فاؤنڈیشن کے بانی محمد امجد ثاقب کو ملک میں غربت کے خاتمے کے لیے شروع کیے گئے مائیکرو فنانس پروگرام کو کامیابی سے چلانے پر یہ اعزاز ملا ہے۔
 محمد امجد ثاقب نے پاکستان میں بلا سود اور بغیر ضمانت کے مائیکرو فنانس پروگرام کا آغاز کیا جس سے لاکھوں خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔
محمد امجد ثاقب کو رامون مگسیسے ایوارڈ سے نوازے جانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ شروع ہو گیا جو ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اخوت فاؤنڈیشن کے بانی  محمد امجد ثاقب کو اعزاز ملنے پر لکھا کہ اس سال ایشیا کا اعلیٰ ترین ’رامن مگسیسے انعام‘ ایک پاکستانی یعنی اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کو عطا کیا گیا ہے۔
محمد امجد کی کامیابی کو نہ صرف پاکستان بلکہ پاکستان میں موجود سعودی سفارت خانے کی جانب سے بھی سراہا گیا۔ پاکستان میں موجود سعودی سفارت خانے کی جانب سے ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستانی محمد امجد ثاقب نے اپنے مائیکرو فنانس پروگرام کے لیے رامون میگسیسے ایوارڈ جیتا۔‘
صارف نعمان اعوان نے لکھا کہ پاکستان اور پاکستانی قوم کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کہ ایشیا کا سب سے بڑا نوبل ایوارڈ رامون مگسیسے 2021  پاکستان کی عظیم شخصیت ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کے نام ہوا ہے۔ ’ڈاکٹر صاحب نے پوری پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔‘
ٹوئٹر ہیںڈل بابا الطاف محمد امجد ثاقب کی کامیابی پر لکھتے ہیں کہ ’رامون مگسیسے ایوارڈ محنتی، پُرعزم اور شائستہ لوگوں کا ثبوت ہے۔ اخوت کے سی ای او ڈاکٹر امجد ثاقب اعزاز کے مستحق ہیں۔‘
غریبوں کے لیے کام کرنے پر ڈاکٹر امجد کو وزیراعظم کی جانب سے سراہا گیا تو وزارت خارجہ کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی ایک ٹویٹ میں ان کی تعریف کی گئی اور لکھا کہ ’ ڈاکٹر امجد ثاقب اخوت فاؤنڈیشن کو پاکستان میں شاندار فلاحی کاموں کے لیے ممتاز رامون میگسیسے ایوارڈ 2021 سے نوازنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر آپ کا شکریہ۔‘
صارف راجہ زاہد لکھتے ہیں ’ڈاکٹر امجد ثاقب کو ایشیا کا سب سے بڑا اعزاز حاصل کرنے کے موقع پر انتہائی خوش ہوں۔ مبارک ہو سر! پاکستان کو آپ جیسے اور لوگوں کی ضرورت ہے۔ ملک میں غربت کے خاتمے کے لیے اس طرح کے مزید اقدامات ہونے چاہیے۔‘
گزشتہ چھ دہائیوں میں  رامون مگسیسے ایوارڈ 340 ایسی شخصیات اور اداروں کو دیا گیا ہے جنہوں نے کچھ انتہائی پیچیدہ مسائل کے لیے کامیاب حل پیش کیے ہیں۔

شیئر: