شاہی احکامات کے تحت اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع مرحلہ وار کی جائے گی: فائل فوٹو عرب نیوز
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے ٹوئٹر پربیشتر سوالات پروازوں پر عائد عارضی پابندی کی بحالی اوربیرون مملکت گئے ہوئے تارکین کے اقاموں کی تجدید کے حوالے سے ہیں۔
ایک ٹوئٹرصارف کی جانب سے جوازات سے دریافت کیا گیا ’ میرے کارکن جو چھٹی پر اپنے ملک گئے ہوئے ہیں جہاں سے مملکت آنے پر پابندی عائد ہے، معلوم یہ کرنا ہے کہ کارکن کا اقامہ تاحال تجدید نہیں ہوا کیا اقامہ خود کارطریقے سے تجدید ہو گا یا کرانا پڑے گا‘؟
اسی قسم کے متعدد سوالات جوازات کے ٹوئٹر پرصارفین کی جانب سے دریافت کیے جا رہے ہیں۔
ایسا ہی ایک اور سوال ایک صارف کی جانب سے دریافت کیا گیا ’میرا گھریلو ڈرائیور (سائق خاص) جو کہ انڈیا گیا ہوا ہے جہاں سے مسافروں کے آنے پرپابندی بدستورعائد ہے، کارکن کی چھٹی 2 ستمبر 2021 کو ختم ہو جائے گی جبکہ خروج وعودہ کی انتہائی مدت بھی یہی ہے معلوم یہ کرنا ہے کہ کارکن کا خروج وعودہ کی مدت میں کس طرح توسیع ہو گی؟
اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ ایوان شاہی کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے عارضی طور پر جن ممالک سے مسافروں کے آنے پرپابندی عائد کی گئی ہے وہاں کے شہری جو سعودی عرب کے اقامہ ہولڈر ہیں ان کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں 30 ستمبر 2021 تک مفت توسیع کر دی جائے گی۔
شاہی احکامات کے تحت اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع مرحلہ وار کی جائے گی جس کے لیے جوازات کے کسی دفتر سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں۔
توسیع کے طریقہ کار کے حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مرحلہ وار توسیع نیشنل ڈیٹا بیس سینٹراور جوازات کے اشتراک سے کی جارہی ہے جس پرعمل درآمد جاری ہے۔
واضح رہے ایسے افراد جوممنوعہ ممالک کی فہرست میں شامل ہیں ان کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں سعودی حکومت کی جانب سے اقامہ ہولڈرز تارکین کی سہولت کےلیے اقاموں اور خروج وعودہ کے علاوہ وزٹ اور ورک ویزے کی مدت میں بھی مفت توسیع کی جارہی ہے جس کےلیے کسی سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں۔
ویزوں ، اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع مرحلہ وار کی جا رہی ہے۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ اس ضمن میں خود کار سسٹم کے تحت تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع پرعمل پیرا ہے۔
جوازات کی جانب سے اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ افراد جنہوں نے وزٹ ویزہ حاصل کیا ہوا ہے مگر پروازوں کی براہ راست آمد کی پابندی کے باعث وہ مملکت کا سفر نہیں کر سکتے ان کے ویزے کی مدت میں بھی خود کارطریقے سے اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ایسے افراد کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی باری کا انتظار کریں باری آنے پر ان کے ویزوں کی مدت میں خود کار طریقے سے اضافہ کر دیا جائے گا۔