Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علی گیلانی کے اہلخانہ کے خلاف مقدمہ سفاکیت کی مثال، عمران خان

انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں حکام کی جانب سے انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بھی بند کی گئی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے انڈین پولیس کی جانب سے وفات پانے والے کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کے اہلخانہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت ’نازیوں‘ سے متاثر نظر آتی ہے۔
اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’پہلے 92 سالہ سید علی گیلانی جو محترم ترین اور بااصول کشمیری رہنماؤں میں ایک ہیں، کا جسد خاکی چھیننا اور پھر ان کے اہل خانہ کے خلاف مقدمہ قائم کرنا نازیوں سے متاثر آر ایس ایس، بی جے پی سرکار کے ہاتھوں ہندوستان کے سفاکیت پر گرنے کی ایک اور شرمناک مثال ہے۔‘
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سید علی گیلانی کے اہلخانہ کے خلاف مقدمہ بڈگام پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا اور ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے انڈیا کے خلاف نعرے لگائے اور ان کے جسد خاکی پر پاکستانی جھنڈا لہرایا۔
یاد رہے کہ کشمیر کے حریت پسند رہنما سید علی گیلانی بدھ کی رات سرینگر میں انتقال کر گئے تھے جس کے بعد حکام کی جانب سے لوگوں کو ان کے جنازے میں شرکت کی اجازت نہ دی گئی۔
سید علی گیلانی کے انتقال کے بعد انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں تاحال کشیدگی برقرار ہے۔

مظاہرین اور فورسز کے درمیان تصادم کے بعد ہزاروں انڈین سکیورٹی فورسز نے اتوار کو بھی لاک ڈاؤن برقرار رکھا ہوا ہے۔
انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں حکام کی جانب سے انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بھی بند کی گئی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ حالات کے معمول پر آتے ہی یہ سروسز بحال کر دی جائیں گی۔

شیئر: