سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کی امیرِقطر سے ملاقات
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے پیر کو سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کا دوحہ کے دیوانِ امیری میں استقبال کیا۔
سعودی پریس ایجنسی(ایس پی اے) کے مطابق استقبالیے کے دوران انہوں نے دوطرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ سکیورٹی تعاون کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں قطر میں سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان بھی موجود تھے۔
اس سے قبل سعودی وزیر داخلہ نے دوحہ نیشنل کمانڈ سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں مرکز کے کاموں اور کام کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ واقعات اور بحرانوں کے انتظام میں سکیورٹی نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس سے قبل ہفتے کو شہزادہ عبدالعزیز نے بغداد میں عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون اور مختلف شعبوں میں ترقی کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔