Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لوسیڈ موٹرز کا 2024 سے سعودی عرب میں الیکٹرک کاریں تیار کرنے کا اعلان

لوسیڈ موٹرز کا دعویٰ ہے کہ اس کی گاڑیاں کسی بھی الیکٹرک کار کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ بہتر ہوں گی۔(فوٹو: اے ایف پی)
الیکٹرک کار بنانے والی امریکی کمپنی لوسیڈ موٹرز 2024 سے سعودی عرب میں گاڑیاں تیار کرے گی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی میں لوسیڈ موٹرز کی ایک فیکٹری بننے کا اعلان منگل کو کیا گیا۔ سعودی سٹینڈرز ، میٹرولوجی اور کوالٹی آرگنائزیشن کے ڈپٹی گورنر سعود العسکر نے العربیہ ٹی وی کو بتایا کہ معاہدے پر کاغذی کارروائی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
یہ اقدام سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے اپریل 2019 میں کمپنی میں ایک بلین ڈالر کا حصہ ڈالنے کے بعد اٹھایا ہے جس سے اسے کمپنی میں 67 فیصد حصہ دیا گیا ہے۔
اس فنڈنگ ​​کے بعد لوسیڈ اپنی حریف ہائی پروفائل الیکٹرک گاڑی (ای وی) ٹیسلا کے مقابلے کی کوشش کر رہی ہے۔
لوسیڈ موٹرز کا لوسیڈ ایئر ماڈل جس کی قیمت 70 ہزار ڈالر سے زیادہ ہے، اگلے سال کے آغاز میں لانچ ہونے والا ہے لیکن اسے ابھی تک صرف 11 ہزار آرڈر ملے ہیں۔
خیال رہے کہ سال 2020 میں سعودی عرب میں مجموعی طور پر تین لاکھ 88 ہزار سے کم ٹیسلا کاریں فروخت ہوئی ہیں۔
اگلے برس لوسیڈ کا صرف 20 ہزار کاروں کا پیداواری ہدف ہے۔
لوسیڈ ای وی کی دوڑ جیتنے کے لیے پرامید ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی گاڑیاں کسی بھی الیکٹرک کار کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ بہتر ہوں گی اور اسی سائز کے بیٹری پیک میں ان کی نسبت 17 فیصد مزید چل سکیں گی۔
اسے سفر کی زیادہ رینج حاصل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے کیونکہ اس کی بیٹری 4.6 میل فی کلو واٹ فی گھنٹہ چلنے کے قابل بناتی ہے جس کا مطلب یہ کہ ایک لوسیڈ کار کی ایک ہی چارج پر 500 میل سے زیادہ کی رینج ہوتی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں ٹیسلا ماڈل ایس تقریباً 400 میل کا فاصلہ طے کرتی ہے۔
بیٹری کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود الیکٹرک گاڑیاں اب بھی دیگر گاڑیوں سے زیادہ مہنگی ہیں۔
علاوہ ازیں لوسیڈ کے دو اور مہنگے ورژنز کا اعلان بھی کیا گیا ہے جن کی قیمت ایک لاکھ 69 ہزار ڈالرز سے زیادہ ہے۔ ’ڈریم ایڈیشن پرفارمنس‘ تیز رفتاری کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے جبکہ ’ڈریم ایڈیشن رینج چلنے کی حد کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔
پہلے ان کاروں کی پیداوار 500 تک محدود تھی جو اس سال کے شروع میں ہی بہت مختصر مدت میں فروخت ہو گئی۔
عرب نیوز کے مطابق ان کاروں کی سعودی عرب میں تیاری معیشت اور وژن 2030 کی اہم کامیابی ہو گی۔

شیئر: