اقاموں اور خروج وعودہ میں مفت توسیع کے لیے جوازات سے رابطہ کیا جائے؟
اقاموں اور خروج وعودہ میں مفت توسیع کے لیے جوازات سے رابطہ کیا جائے؟
پیر 13 ستمبر 2021 0:06
پہلے بھی متعدد بار اقامہ ہولڈرز کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کی جاچکی ہےـ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد جاری ہےـ اس حوالے سے پاکستان ، انڈیا، بنگلہ دیش سمیت متعدد ممالک سے براہ راست پروازوں کی آمد پرمشروط پابندی ہےـ
وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کےلیے مقررہ ویکسین لگوانی ضروری ہےـ سعودی عرب سفر کے لیے پی سی آر کی شرط بھی عائد ہے جو کہ مملکت آنے سے کم ازکم 72 گھنٹے قبل کرانا ضروری ہےـ
سعودی اعلی حکام نے کورونا وائرس کے سبب جن ممالک سے لوگوں کے براہ راست آنے پرپابندی عائد کی ہے وہاں رہنے والے اقامہ ہولڈرز کی سہولت کےلیے اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں خود کارطریقے سے 30 ستمبر 2021 تک کی توسیع کی سہولت دی ہےـ
اس سے پہلے بھی متعدد بار ان اقامہ ہولڈرز کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کی جاچکی ہےـ
محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کے ٹوئٹر پربیشتر صارفین کی جانب سے اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے حوالے سے سوالات پوچھے گئے ہیں۔
اس بارے میں ایک صارف کا کہنا تھا کہ اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے احکامات کے باوجود تاحال کارکنوں کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع نہیں ہوئی، کیا کیا جائے ؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ایوان شاہی کی جانب سے ممنوعہ ممالک میں رہنے والے اقامہ ہولڈرتارکین کی سہولت کے لیے سعودی محکمہ جوازات اور قومی مرکز برائے مصنوعی ذہانت کے تعاون و اشتراک سے اقاموں اورخروج وعودہ کی مدت میں توسیع کاعمل جاری ہے تاہم توسیع مرحلہ وار کی جائے گی اس بارے میں جوازات کے کسی دفتریا کسی اور ادارے سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ باری آنے پرکارکنوں کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کردی جائے گی۔
ویکسین اپ ڈیٹ کے حوالے سے ایک شخص کا سوال تھا کہ دو ماہ قبل ویکسین لگوائی ہے مگر تاحال توکلنا پراس بارے میں سٹیٹس اپ ڈیٹ نہیں ہوا کیا کریں؟
سعودی وزارت صحت اور ادارہ مصنوعی ذہانت ’سدایا‘ کے تعاون سے توکلنا ایپ جاری کی ہوئی ہے جس میں متعدد سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
ایسے افراد جنہوں نے ویکسین لگوائی ہے اور توکلنا ایپ پر انکا سٹیٹس اپ ڈیٹ نہیں ہوا انہیں چاہیے کہ وہ توکلنا کی ویب پراس بارے میں اطلاع دیں یا توکلنا سینٹر میں فون کریں جس کا ٹول فری نمبر 8001289999 ہے۔ علاوہ ازیں توکلنا کی ویب سائٹ سے بھی رجوع کیاجاسکتا ہے جس کا ایڈریس یہ ہےـTa.sdaia.gov.sa
ویب سائٹ پرعربی، انگلش اور اردو میں بھی تمام تفصیلات دی گئی ہیں تاکہ صارفین بڑے پیمانے پراس سہولت سے مستفیض ہوسکیں۔
خیال رہے ویکسین لگوانے کے بعد اگر کسی وجہ سے سسٹم میں ڈیٹا اپ ڈیٹ نہیں ہوتا تو اس بارے میں اپ ڈیٹ کرانا ضروری ہوتا ہے کیونکہ توکلنا پرموجود سٹیٹس سرکاری اداروں کے علاوہ عوامی مارکیٹوں میں بھی جانے کےلیے ضروری ہوتا ہے۔
غیر ویکسین یافتہ افراد کا جہاں سرکاری اداروں میں داخلہ ممکن نہیں وہاں ایسے افراد جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی انہیں مارکیٹوں میں بھی نہیں جانے دیا جاتا جبکہ سفر کےلیے بھی یہ ضروری ہے۔