افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد پہلی بار پی آئی اے کی پرواز کابل پہنچی ہے۔
پیر کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 6249 اسلام آباد سے کابل روانہ ہوا اور مقامی وقت کے مطابق 45۔9 پر پہنچی۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پی آئی اے کا عملہ بین الاقوامی صحافیوں کو کابل لے کر گیا اور عالمی بنک اور بین القوامی خبر رساں اداروں کی ٹیم کو واپس لے کر آیا۔
بیان کے مطابق کابل میں نئی حکومت کے قیام کے بعد یہ پہلی بین القوامی مسافر پرواز تھی اور اس کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے مابین خیر سگالی کو فروغ دینا اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر آپریشن کو مضبوط کرنا ہے۔
پی ائی اے کے سی ای او ارشد ملک نے کہا ہے کہ پوری دنیا کے لیے یہ آپریشن بہت اہم ہے کیونکہ سب ہماری طرف دیکھ رہے ہیں کہ رابطے بحال کیے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ امید ہے جلد ہم مکمل طور پر آپریشن بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔